مزدوروں کا 85 فیصد ریل کرایہ مرکز کے ذریعہ ادا کرنے کا جھوٹ عدالت میں بے نقاب: کانگریس

کانگریس ترجمان سچن ساونت نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر مزدوروں کا پورا ریل خرچ ریاستی حکومت برداشت کرتی رہی اور بی جے پی لیڈران مسلسل جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرتے رہے۔

کانگریس لیڈر سچن ساونت (تصویر سوشل میڈیا)
کانگریس لیڈر سچن ساونت (تصویر سوشل میڈیا)
user

یو این آئی

ممبئی: مہاجر مزدوروں کو ان کے آبائی وطن روانہ کرنے کے لیے ریلوے کا 85 فیصد کرایہ مرکزی حکومت کی جانب سے ادا کیے جانے کا بی جے پی کاجھوٹ آج اس وقت بے نقاب ہوگیا جب سپریم کورٹ کے روبرو مرکزی حکومت کے سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ریلوے کرائے کا پورا خرچ ریاستی حکومتوں نے ادا کیا ہے۔ تشار مہتہ کے اس بیان سے بی جے پی کے جھوٹ کی قلعی ایک بار پھر اتر گئی ہے ۔اس جھوٹ کے سامنے آنے کے بعد مہاراشٹر کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور ترجمان سچن ساونت نے مطالبہ کیا ہے کہ بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل عوام سے فوری طور پرمعافی مانگیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کو سپریم کورٹ میں اس معاملے میں داخل ایک عرضداشت پر سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے مرکزی حکومت کی جانب سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاجر مزدوروں کو ان کے آبائی وطن روانہ کرنے کا خرچ ریاستی حکومتیں برداشت کررہی ہیں۔ اس کا واضح مطلب ہے کہ مرکز کی مودی حکومت نے مزدوروں کو ان کے آبائی وطن روانہ کرنے کے سفر اخراجات میں ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا ہے۔ اپنے اس جھوٹ کی وجہ سے بی جے پی کو ایک بار پھرہزیمت اٹھانی پڑرہی ہے۔


سچن ساونت نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر مزدوروں کے ریلوے کا پوراخرچ ریاستی حکومت کی جانب سے کیے جانے کے باوجود بی جے پی کے لیڈران مسلسل جھوٹ بول کر عوام کوگمراہ کرتے رہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل نے اعلانیہ طور پر یہ جھوٹ بولا تھا کہ مزدوروں کے سفر کا 85 فیصد خرچ مرکزی حکومت ادا کررہی ہے اور 15فیصد ریاستی حکومت دے رہی ہے ۔ چندرکانت پاٹل کے ساتھ ہی مرکزی وزیر نرملاسیتارمن اور پرکاش جاوڈیکر وغیرہ بھی اس جھوٹ کو بولنے میں پیش پیش رہے۔

سپریم کورٹ میں اس معاملے کی سماعت کے دوران بھی مرکزی حکومت اپنے اس 85فیصد کی ادائیگی کے بارے میں حکم نامہ پیش کرنے میں ٹال مٹول کرتی رہی۔بی جے پی کی اس جھوٹ اور عوامی گمراہی کے خلاف مہاراشٹر پردیش کانگریس کی جانب سے بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل کو چیلنج کیا گیا تھا کہ وہ مرکزی حکومت کے اس 85 فیصد کی دائیگی کا ثبو ت پیش کریں یا پھر اعلانیہ عوام سے معافی مانگیں۔ لیکن انہوں نے یہ چیلنج منظور کرنے کے بجائے فرار ہونے میں ہی اپنی عافیت سمجھی۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اب چونکہ ان کا جھوٹ پوری طرح بے نقاب ہوچکا ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ چندرکانت پاٹل سمیت پوری بی جے پی عوام سے معافی مانگے اور اسی کے ساتھ دنیا کی سب سے جھوٹی پارٹی کے طور پر گنیز بک میں بی جے پی کو شامل کیا جانا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔