فرضی پین کارڈ معاملہ: اعظم خان اور عبد اللہ اعظم کی درخواست ضمانت سپریم کورٹ سے منظور
سپریم کورٹ نے کہا کہ اتر پردیش میں متعلقہ ذیلی عدالت کی جانب سے چار ہفتوں کے اندر معاملہ میں شکایت کنندہ کا بیان درج کرنے کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ایک عبوری حکم جاری کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر اعظم خان اور ان کے بیٹے عبد اللہ اعظم کی درخواست ضمانت ایک فوجداری معاملہ میں منظور کر لی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اتر پردیش میں متعلقہ ذیلی عدالت کی جانب سے چار ہفتوں کے اندر معاملہ میں شکایت کنندہ کا بیان درج کرنے کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ یہ معاملہ فرضی پین کارڈ سے وابستہ ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ سے ضمانت خارج ہونے کے بعد رکن پارلیمنٹ اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عبد اللہ اعظم کے دو پین کارڈ اور پاسپورٹ کے معاملہ میں عدالت نے درخواست عرضی خارج کر دی تھی۔
یہ دونوں مقدمات بی جے پی کے چھوٹے کاروبار کے شعبہ کے مغربی اتر پردیش کنوینر آکاش سکسینہ نے کرائے تھے۔ عبداللہ اعظم کے دو دو برتھ سرٹیفکیٹ تیار کرانے کے معاملہ میں رکن پارلیمنٹ اعظم خاں اور عبداللہ پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس میں اعظم خاں کی اہلیہ اور رامپور شہر سے رکن اسمبلی ڈاکٹر تزئین فاطمہ کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ اور پین کارڈ میں بھی دو یوم پیدائش ظاہر کرنے کے الزامات پر رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔ انہی مقدمات کی سماعت کے دوران ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی گئی تھی۔ جس کے بعد اعظم خان اور ان کے بیٹے نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔