فرضی آئی اے ایس گرفتار، ریلوے میں نوکری کے نام پر کروڑوں روپے کی جعلسازی

دہلی پولیس کی اقتصادی کرائم برانچ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آر کے سنگھ نے بتایا کہ برج کشور (34) اور سچن کمار (36) کو متاثرین کی شکایت کی بنیاد پرگرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار، تصویر یو این آئی
گرفتار، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: دلّی پولیس نے ایسے جعلساز گروہ کے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جو خود کو انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کا سینئر افسر بتاکر بے روزگاروں کو ریلوے میں نوکری دلانے کے نام پر کروڑوں روپے ٹھگ چکے تھے۔ دہلی پولیس کی اقتصادی کرائم برانچ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آر کے سنگھ نے بتایا کہ برج کشور (34) اور سچن کمار (36) کو متاثرین کی شکایت کی بنیاد پرگرفتار کیا گیا ہے۔

بہار میں پٹنہ کے کنکر باغ کے رہنے والے برج کشور نے جے پور سے بی ٹیک مکمل کرنے کے بعد ایک نجی کمپنی میں کام کیا۔ راتوں رات امیر بننے کے لیے اس نے مختلف سرکاری محکموں میں ٹرانسفر اور تقرری کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دینا شروع کیا۔ الزام ہے کہ اس نے خود کو سینئر آئی اے ایس افسر بتاکر 40 بے روزگار لوگوں سے 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی۔


انہوں نے بتایا کہ ملزم سیدھے سادھے بے روزگار نوجوانوں کو ریلوے میں نوکری کا جھانسہ دے کر پیسے لے کر باقاعدہ فرضی تقرری کے ساتھ تربیتی کاغذات بھی دیتا تھا۔ نوجوانوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے وہ اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرہ دون میں ٹریننگ دلاتا تھا۔ اس کے گروپ میں شامل اترپردیش کے دیوبند تحصیل کے سہارنپور کا سچن بے روزگاروں کو تربیت دینے کا ڈرامہ کرتا تھا۔ بی کام کی پڑھائی کرنے کے بعد اس نے وہاں ’این آر ٹی انڈیا‘ نام سے کوچنگ سینٹر چلایا تھا اور وہیں فرضی طریقے سے تربیت دیتا تھا۔

سنگھ نے بتایا کہ متاثری کی شکایت پر ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ شکایت کنندگان کے پاس برج کشور کے گھر کا پتہ نہیں تھا، صرف اس کے موبائل نمبر تھے۔ اسی کی بنیاد پر ٹیم نے جانچ شروع کی اور دہلی سے باہر کئی علاقوں پر چھاپے مارنے کے بعد ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں اقتصادی کرائم برانچ میں اس برس 21 جنوری کو تعزیرات ہند کی دفعہ 419، 420، 406، 467، 468، 471 اور 120 بی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔