فڑنویس نے مہاراشٹر میں بی جے پی کی خراب کارکردگی کی ذمہ داری قبول کی، استعفیٰ دینے کی پیشکش
فڑنویس نے کہا کہ مہاراشٹر میں بی جے پی کی ساری ذمہ داری بطور لیڈر مجھ پر تھی۔ مہاراشٹر میں ایک طرح سے شکست ہوئی ہے اور سیٹیں کم ہو گئی ہیں۔ میں اس کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، میں اسے قبول کرتا ہوں
نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات 2024 کے نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ بی جے پی اکثریت کے ہندسہ سے پیچھے رہ گئی لیکن این ڈی اے کو مکمل اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ ایسے میں تیسری بار این ڈی اے کی حکومت بنانے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔
دریں اثنا، مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے استعفیٰ دینے کی پیشکش کی ہے۔ ریاست میں پارٹی کی خراب کارکردگی کی ذمہ داری لیتے ہوئے انہوں نے بی جے پی ہائی کمان سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں ان کے عہدے سے فارغ کیا جائے، تاکہ وہ پارٹی کے لیے کام کر سکیں۔
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ساری ذمہ داری بطور لیڈر مجھ پر تھی۔ مہاراشٹر میں ایک طرح سے شکست ہوئی ہے اور سیٹیں کم ہو گئی ہیں۔ میں اس کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، میں اسے قبول کرتا ہوں۔
فڑنویس نے مزید کہا کہ وہ کسی بھی کوتاہی کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ میں بھاگنے والا آدمی نہیں ہوں اور زور و شور سے زمین پر اتروں گا۔ ہم اپنی پوری پارٹی کو ساتھ لے کر نئی حکمت عملی تیار کریں گے۔ نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے عوام کے درمیان جائیں گے۔ ہم عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کریں گے۔
مہاراشٹر کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج کی بات کریں تو مہاراشٹر کی 48 سیٹوں میں سے کانگریس نے 13 اور بی جے پی نے 9 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی شیو سینا (ادھو ٹھاکرے) نے بھی 9 سیٹیں جیتی ہیں۔ اس کے علاوہ شرد پوار کے کیمپ کی این سی پی نے 8 سیٹیں جیتی ہیں، جب کہ سی ایم ایکناتھ شندے کی پارٹی نے 7 سیٹیں جیتی ہیں۔ وہیں اجیت پوار کو ایک سیٹ اور ایک آزاد امیدوار کو ایک سیٹ ملی۔
گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے مہاراشٹر میں 23 سیٹیں جیتی تھیں لیکن اس بار بی جے پی 9 سیٹیں ہی جیت پائی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔