عدالت کے حکم پر گینگسٹر وکاس دوبے کی اہلیہ کی فیکٹری سیل
تحصیلدار لکشمی نارائن باجپئی نے کہا کہ بیکارو قتل عام کیس کے اہم ملزم وکاس دوبے اور اس کے ساتھیوں کی غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیداد کے خلاف ضبطی کی کارروائی کی گئی ہے۔
کانپور: کانپور انتظامیہ نے ایک ہوزری فیکٹری کو سیل کر دیا ہے، جسے گینگسٹر وکاس دوبے کی بیوی رچا دوبے نے گریش دیال کو فروخت کیا تھا۔ ہوزری کا کارخانہ شاستری نگر مٹّیا پوروا میں 185 مربع میٹر کے رقبے میں واقع ہے۔ اسے تحصیلدار بلہور لکشمی نارائن باجپئی نے سیل کیا ہے۔
یہ جائیداد شاستری نگر کے رہنے والے گریش دیال نے سال 2012 میں گینگسٹر وکاس دوبے کی بیوی رچا دوبے سے خریدی تھی۔ تحقیقات کے بعد انتظامیہ کو پتہ چلا کہ وکاس دوبے نے جائیداد رچا دوبے کے نام پر خریدی تھی۔ اس معاملے میں گریش دیال نے الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا، لیکن عدالت نے کانپور کے ضلع مجسٹریٹ کو جائیداد کو سیل کرنے کا حکم دیا۔
تحصیلدار لکشمی نارائن باجپئی نے کہا کہ بیکارو قتل عام کیس کے اہم ملزم وکاس دوبے اور اس کے ساتھیوں کی غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیداد کے خلاف ضبطی کی کارروائی کی گئی ہے۔ 'جائیداد کی تخمینہ قیمت تقریباً 96.37 لاکھ روپے ہے۔' دریں اثناء فیکٹری کے مالک گریش دیال نے کہا کہ انہوں نے چین ڈیڈ دیکھ کر جائیداد خریدی ہے، ایسے میں فیکٹری کے اچانک بند ہونے سے تمام مزدور بے روزگار ہو جائیں گے اور انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ڈالر کے مقابلے روپیہ کی حالت خستہ، پھر ریکارڈ سطح کو چھوا
واضح رہے کہ 3 جولائی 2020 کو ضلع کے بیکارو گاؤں میں وکاس دوبے کے گھر پر چھاپہ مارنے گئی پولیس ٹیم پر ان کے ساتھیوں نے حملہ کیا تھا۔ دوبے اور اس کے ساتھیوں نے بلہور کے اس وقت کے سرکل آفیسر دیویندر مشرا سمیت آٹھ پولیس والوں کا قتل کر دیا تھا۔ بعد میں، پولیس نے انکاؤنٹر میں وکاس دوبے اور اس کے پانچ مبینہ ساتھیوں سمیت چھ ملزمین کو ہلاک کر دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔