راہل گاندھی نے مہلوک ای وائی کمپنی ملازم کے والدین سے کی بات، کام کے طریقہ میں بہتری کے لیے لڑنے کی یقین دہانی

کوچی میں متاثرہ کے گھر پہنچے ’آل انڈیا پروفیشنلز کانگریس‘ (اے آئی پی سی) کے سربراہ پروین چکرورتی نے ویڈیو کال کے ذریعہ راہل گاندھی کی اَنّا سیبسٹین کے والدین سے بات کرائی۔

<div class="paragraphs"><p>انّا سیبسٹین کے والدین سے ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے راہل گاندھی، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>

انّا سیبسٹین کے والدین سے ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے راہل گاندھی، تصویر@INCIndia

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز پونے واقع ’ارنسٹ اینڈ یَنگ‘ (ای وائی) کمپنی میں مبینہ طور پر بہت زیادہ کام کے دباؤ کے سبب اپنی جان گنوانے والے انّا سیبسٹین پیرایل کے والدین سے بات کی اور انھیں یقین دلایا کہ وہ ہندوستان میں لاکھوں پیشہ وروں کے لیے کام کے طریقہ میں بہتری کے لیے جنگ لڑیں گے۔ کوچی میں سیبسٹین کے گھر پہنچے ’آل انڈیا پروفیشنلز کانگریس‘ (اے آئی پی سی) کے سربراہ پروین چکرورتی نے ویڈیو کال کے ذریعہ سے راہل گاندھی کی انّا سیبسٹین کے والدین سے بات کرائی۔

اے آئی پی سی نے اس تعلق سے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق راہل گاندھی نے انّا کی اچانک اور افسوسناک موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور ہندوستان میں لاکھوں پیشہ وروں کے لیے کام کے طریقہ میں بہتری سے متعلق ایشو پر اس بے حد مشکل لمحہ میں بولنے کے لیے کنبہ کی جرأت اور ان کی بے لوثی کی تعریف کی۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ راہل گاندھی نے انھیں یقین دلایا کہ وہ حزب اختلاف کے قائد کی شکل میں اس معاملے پر آواز اٹھائیں گے۔


بتایا جا رہا ہے کہ راہل گاندھی نے اے آئی پی سی چیف کو ہندوستان میں سبھی کام کرنے والے پیشہ وروں کے لیے انّا کی یاد میں ایک بیداری تحریک شروع کرنے کی ہدایت دی۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’گاندھی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اے آئی پی سی کارپوریٹ پیشہ وروں سے کام کے تناؤ اور زہریلے ورک کلچر سے متعلق ایشوز کے بارے میں جانکاری جمع کرنے کے لیے جلد ہی ایک ہیلپ لائن نمبر کا اعلان کرے گا۔ اس کے بعد اے آئی سی سی کارپوریٹ سیکٹر میں پیشہ وروں کے لیے بہتر کام کا ماھول دستیاب کرانے کے لیے مسودہ گائیڈلائن پیش کرنا چاہے گا۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں سینئر کانگریس لیڈر اور اے آئی پی سی کے سابق سربراہ ششی تھرور نے کہا تھا کہ انھوں نے انّا سیبسٹین کے والد سبی جوزف کے ساتھ جذباتی گفتگو کی جس کی ارنسٹ اینڈ ینگ میں چار ماہ تک ساتوں دن 14 گھنٹے کی بے حد تکلیف دہ کام کے ماحول اور کام کے دباؤ کے سبب دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی تھی۔ تھرور نے کہا کہ ’’پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس کے دوران سب سے پہلے وہ اس معاملے کو اٹھائیں گے۔‘‘


واضح رہے کہ انّا سیبسٹین پیرایل 26 سالہ چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ تھیں جن کی مبینہ طور پر کمپنی میں زیادہ کام کے دباؤ کی وجہ سے موت ہو گئی۔ ای وائی کمپنی نے گزشتہ بدھ کے روز ایک بیان جاری کر کہا تھا کہ ’’جولائی 2024 میں انّا سیبسٹین کی افسوسناک اور اچانک موت سے ہمیں گہرا دکھ ہوا ہے۔‘‘ ساتھ ہی اس نے کہا کہ وہ ملک بھر میں اپنے دفاتر میں بہتری اور صحت مند دفتری ماحول فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔