دہلی میں شدید گرمی: دن میں ہی نہیں رات میں بھی گرمی کی لہر، گھر سے باہر جانا مشکل
دہلی میں لوگ شدید گرمی کا سامنا کر رہے ہیں اور رات کو بھی دن کی طرح گرمی محسوس ہو رہی ہے۔ صبح سے ہی دھوپ کھل جاتی ہے اور دس بجے کے بعد اتنی تیز ہوتی جا رہی ہے کہ لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو رہا ہے
نئی دہلی: دہلی میں لوگ شدید گرمی کا سامنا کر رہے ہیں اور رات کو بھی دن کی طرح گرمی محسوس ہو رہی ہے۔ صبح سے ہی دھوپ کھل جاتی ہے اور 10 بجے کے بعد اتنی تیز ہوتی جا رہی ہے کہ لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو جاتا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ 24 گھنٹے گرمی کی لہر چلتی ہے۔
دوپہر میں گرمی کی لہروں کی وجہ سے حالت مزید بگڑ جاتی ہے۔ تیز دھوپ کے بعد شام 7 بجے تک بھی ہوا کافی گرم رہتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال گرمی سے راحت کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔
ریڈ الرٹ کے درمیان اتوار کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 33.2 ڈگری سیلسیس رہا۔ یہ دونوں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری سیلسیس زیادہ ہیں۔ دہلی کی ہوا گرم ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اتوار کو پیتم پورہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47.3 ڈگری تک پہنچ گیا۔
تیز ہوا چلچلاتی گرمی سے پریشان دہلی کے لوگوں کی پریشانی میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔ اتوار کو 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرم ہوائیں چلتی رہیں۔ دن کے وقت ان تیز گرم ہواؤں کی وجہ سے خاص طور پر دو پہیہ گاڑی چلانے والوں، کھلے مقامات پر کام کرنے والوں اور کھلی سڑکوں کے قریب رہنے والوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ پیر کو دہلی کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 اور کم سے کم 33 ڈگری سیلسیس ہو سکتا ہے۔ اس دوران ہوا کی رفتار بھی 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہ سکتی ہے۔ جس کی وجہ سے محکمہ موسمیات نے پیر کے لیے اورنج الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ منگل اور بدھ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔