دہلی این سی آر میں شدید سردی کی لہر، شمالی ہندوستان میں گھنی دھند کی پیشن گوئی
محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ اگلے ایک ہفتے تک دہلی این سی آر کے ساتھ ساتھ پورے شمالی اور شمال مشرقی ہندوستان میں شدید سردی رہے گی ۔
محکمہ موسمیات نے دہلی این سی آر کے ساتھ ساتھ پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش میں اتوار سے کل نئے سال تک گھنے دھند کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ نئے سال کی شام یعنی 31 دسمبر کی شام سے لے کر یکم جنوری کو نئے سال کے آغاز تک راجدھانی دہلی این سی آر سمیت کئی ریاستیں گھنی دھند کی چادر میں لپٹی رہیں گی۔
محکمہ موسمیات نے اتوار (31 دسمبر) کی صبح دھند کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے مطابق نئے سال کے موقع پر ملک کی راجدھانی دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گھنے دھند کی وجہ سے ٹریفک پر بڑا اثر پڑنے والا ہے۔ سڑک ٹریفک کے ساتھ ساتھ ریل اور فضائی خدمات بھی متاثر ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی، پنجاب اور ہریانہ میں 31 دسمبر کی شام سے گھنی دھند شروع ہوگی اور یکم جنوری کی صبح تک جاری رہے گی۔ جس کی وجہ سے حد نگاہ کم ہو جائے گی جس سے ٹریفک متاثر ہو گی۔گزشتہ کچھ دنوں سے دہلی اور اس سے ملحقہ ریاستوں میں گھنی دھند چھائی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ درجہ حرارت میں بھی مسلسل کمی ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پورے شمالی ہندوستان میں دھند کا اثر دیکھا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک کی راجدھانی دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں شدید سردی پڑ رہی ہے۔ کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہوگئی ہے۔ ایک طرف دہلی آلودگی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے تو دوسری طرف شدید سردی اور دھند نے لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 7 دنوں تک دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 7 سے 11 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 سے 20 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ دارالحکومت میں ہفتہ بھر دھند چھائی رہے گی، جس کی وجہ سے شدید سردی ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔