ایگزٹ پول نتائج: دہلی میں عام آدمی پارٹی کی واپسی، 50 سے زیادہ سیٹوں کا امکان

دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے پولنگ ختم ہونے کے بعد تمام نیوز چینلوں کے ایکزٹ پول سے ظاہر ہوتا ہے کہ کیجریوال حکومت کی دہلی میں زبردست واپسی ہو رہی ہے، عآپ کو 50 سے زیادہ نشستیں ملنے کا امکان ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اگر ایگزٹ پول میں آئے رجحانات کو دیکھا جائے تو یہ صاف نظر آ رہا ہے کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی اقتدار میں نہ صرف واپسی ہو رہی ہے بلکہ اس کی یہ واپسی دھماکیدار ہو رہی ہے۔تمام ایگزٹ پول کے رجحا نات بی جے پی اور امت شاہ کے لئے بری خبر لے کر آئے ہیں ۔ بی جے پی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی تمام کوششوں کے با وجود دہلی کے ووٹر نہ صرف بی جے پی کو مسترد کرتے نظر آ رہے ہیں بلکہ دہلی کے ووٹر نے مذہبی بنیاد پر ہونے والی سیاست کو بھی مسترد کر دیا ہے ۔

اےبی پی اور سی ووٹر کے ایگزٹ پول کے مطابق عام آدمی پارٹی کو 49 سے 63 کے بیچ سیٹیں ملتی نظر آ رہی ہیں ، بی جے پی کو 5 سے19 سیٹیں اور کانگریس کو صفر سے چار تک سیٹیں ملنے کا رجحان مل رہا ہے ۔ادھر ٹائمس ناؤ کے ایگزٹ پول کے مطابق عام آدمی پارٹی کو 44 سیٹیں اور بی جے پی کو 26 سیٹیں ملنے کے رجحان نظر آ رہے ہیں ۔ اس کے ساتھ ریپبلک ٹی وی کے ایگزٹ پول کے مطابق عام آدمی پارٹی کو 48 سے 61 کے بیچ سیٹیں ملتی نظر آ رہی ہیں ، بی جے پی کو 9 سے21سیٹیں اور کانگریس کو صفر سے ایک تک سیٹیں ملنے کے رجحان مل رہے ہیں ۔ انڈیا نیوز کے ایگزٹ پول کے مطابق عام آدمی پارٹی کو 53 سے 57 کے بیچ سیٹیں ملتی نظر آ رہی ہیں ، بی جے پی کو 11 سے17سیٹیں اور کانگریس کو صفر سے دو تک سیٹیں ملنے کے رجحان مل رہے ہیں ۔ نیوز ایکس کے ایگزٹ پول کے مطابق عام آدمی پارٹی کو 50 سے 56 کے بیچ سیٹیں ملتی نظر آ رہی ہیں ، بی جے پی کو 10 سے14سیٹیں اور کانگریس کو صفر سیٹین ملنے کا رجحان ہے ۔


ابھی تک جتنے ایگزٹ پول آئے ہیں ان کا اوسط نکالا جائے تو عام آدمی پارٹی 56 سیٹیں ، بی جے پی کو 17 اور کانگریس کو ایک سیٹ ملنے کا رجحان ہے ۔ واضح رہے سال 2014 میں بی جے پی کی عام انتخابات میں زبردست کامیابی کے بعد دہلی میں ان کی کامیابی کا رتھ رک گیا تھا اور اس کے بعد بہار میں بھی بی جے پی کو زبردست ناکامی کا سامنا ہوا تھا ۔ سال 2019 کے عام انتخابات میں زبردست کامیابی کے بعد بی جے پی کو ہریانہ میں مخلوط حکومت بنانی پڑی، مہاراشٹر میں حکومت نہیں بنا پائی اور جھارکنڈ میں زبردست شکست کے بعد دہلی میں ایک بار پھر شکست سے دو چار ہوتی نظر آ رہی ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Feb 2020, 7:31 PM