’مودی حکومت میں ہر کوئی پریشان‘، پرینکا گاندھی نے بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک سے کی ملاقات
برج بھوشن سنگھ کے خلاف جنسی استحصال کے الزامات کو لے کر احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں میں اہم چہرہ رہے پہلوان بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک سے پرینکا گاندھی نے آج ملاقات کی۔
بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے قریبی سنجے سنگھ جیسے ہی ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر بنے، ان کے خلاف کئی پہلوانوں کی ناراضگی سامنے آئی ہے۔ گزشتہ روز خاتون پہلوان ساکشی ملک نے کشتی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا، اور آج بجرنگ پونیا نے وزیر اعظم رہائش کے باہر فٹ پاتھ پر اپنا ’پدم شری‘ ایوارڈ رکھ کر واپس آ گئے۔ اس درمیان پرینکا گاندھی نے ساکشی اور بجرنگ سے ملاقات کی ہے۔
پرینکا گاندھی نے اس ملاقات کے تعلق سے کہا ہے کہ وہ ایک خاتون ہونے کے ناطے خاتون پہلوان سے ملنے پہنچی ہیں۔ اس ملاقات کی ایک ویڈیو کانگریس کے آفیشیل ایکس ہینڈل پر شیئر کی گئی ہے۔ 37 یسکنڈ کی اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے ’’مودی حکومت میں ظلم برداشت کر رہے ملک کے ہونہار پہلوان ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا سے ملنے پرینکا گاندھی جی ان کے گھر پہنچیں۔ مودی حکومت کے تاناشاہی رویے سے ملک کا ہر طبقہ پریشان ہے۔‘‘
کانگریس کے ایکس ہینڈل سے بجرنگ پونیا کی وہ ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں وہ وزیر اعظم رہائش کے باہر اپنا پدم شری ایوارڈ فٹ پاتھ پر رکھ کر واپس لوٹ رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے ’’اس سے افسوسناک کیا ہوگا۔ ملک کا وقار بڑھانے والے پہلوان بجرنگ پونیا نے اپنا پدم شری ایوارڈ وزیر اعظم رہائش کے باہر فٹ پاتھ پر رکھ دیا۔ بجرنگ پونیا کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نے انھیں جھوٹے بھروسے دیے۔ جب مظاہرہ کیا تو انھیں پریشان کیا، مظاہرہ والی جگہ کو تہس نہس کر دیا۔ آج مودی حکومت کے مظالم سے مجبور ہو کر بجرنگ پونیا کو یہ قدم اٹھانا پڑا۔ شرمناک!‘‘
قابل ذکر ہے کہ صرف ساکشی اور پونیا نے ہی نئے ڈبلیو ایف آئی صدر سنجے سنگھ کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار نہیں کیا ہے، بلکہ مشہور خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ نے بھی اپنی مایوسی ظاہر کی ہے۔ پہلے تو انھوں نے ایک ہندی نظم کی ویڈیو شیئر کی جس میں موجودہ حالات میں بھی شکست نہ ماننے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے، اور پھر انھوں نے بجرنگ پونیا کا وہ خط شیئر کیا جو وزیر اعظم نریندر مودی کے نام لکھا گیا ہے۔ اس خط میں بجرنگ پونیا نے برج بھوشن سنگھ کے خلاف چلی تحریک سے لے کر اب تک کے حالات بیان کیے ہیں۔ خط شیئر کرنے کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے ’’کسی کھلاڑی کے مرنے پر رونے کا انتظار کرنا ابھی۔ آپ کا نیا بھارت دیش مبارک ہو خواتین کے احترام میں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔