کسانوں کے مستقبل کے لئے ہر کوشش کروں گا: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’’ہمارے کسانوں کے آنے والے کل کو محفوظ کرنے کے لئے میں ہر وہ کوشش کرنے والا ہوں جس سے ان کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔ یہ صرف وعدہ نہیں، میرا فرض بھی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے 'کسان ڈے' پر ملک کے کسانوں کو سلام کرتے ہوئے ان کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
راہل گاندھی نے آج ایک ٹوئٹ کرکے کہا کہ "ہمارے کسانوں کے آنے والے کل کو محفوظ کرنے کے لئے میں ہر وہ کوشش کرنے والا ہوں جس سے ان کا مستقبل محفوظ ہو سکے ۔ یہ صرف وعدہ نہیں، میرا فرض بھی ہے۔ کسانوں کے دن کے موقع پر ملک کے کسانوں کو میرا سلام! آپ ہو تو ہم ہیں"۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے گزشتہ دنوں پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں حکومت بننے کے بعد اس نے تینوں ریاستوں میں اس وعدے کو پورا کرنے کا اعلان بھی کر د یا ہے۔
اس مسئلے پر راہل گاندھی مرکز میں حکمران مودی حکومت کو گھیرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ وہ صرف امیر سرمایہ داروں کے قرض معاف کرتی ہے کسانوں کے نہیں۔ سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کی جینتی پر 23 دسمبر کو ہر سال کسانوں کا دن منایا جاتا ہے۔
کانگریس نے بھی پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ شیئر کیا جسے 'سوٹ بوٹ کی حکومت' عنوان دیا گیا ہے۔ اس میں لکھا ہے کہ مودی حکومت نے کسانوں کا ایک روپے کا بھی قرض معاف نہیں کیا ہے جبکہ سرمایہ داروں کو 2.4 لاکھ کروڑ کا قرض معاف کیا گیا ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں پارٹی نے لکھا ہے کہ "قرض معافی کسانوں کی بہبودی کے تئيں ہماری سنجیدگی کا پہلا قدم ہے۔ کسانوں کو اقتصادی طور پر خود کفیل بنانے کی سمت میں ہم مصروف ہیں۔ اب ہمارا کسان کسی کا محتاج نہیں ہو گا"۔ اس کے ساتھ ہندوستان کے نقشے والی ایک تصویر بھی شیئرکی گئی ہے جس میں کانگریس کی حکومت والی پانچ ریاستوں میں کسانوں کے قرض معافی کے اعداد و شمار بتائے گئے ہیں۔ اس کے مطابق، کانگریس حکومت نے پنجاب میں کسانوں کا 3،586 کروڑ روپے ، راجستھان میں 18،000 کروڑ روپے ، کرناٹک میں 34،000 کروڑ روپے اور چھتیس گڑھ میں 6،100 کروڑ روپے کا قرض معاف کیا ہے۔ مدھیہ پردیش میں دو لاکھ روپے تک کا فصل قرض معاف کر دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Dec 2018, 7:09 PM