بی جے پی کی دہشت کا اتحاد سے مقابلہ کریں: پرکاش کرات
سی پی ایم کے سابق سیکرٹری جنرل پرکاش کرات اور پارٹی پولٹ بیورو کے رکن منی سرکار نے پارٹی کارکنوں سے تریپورہ میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہشت کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے
اگرتلہ: مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے سابق سیکرٹری جنرل پرکاش کرات اور پارٹی پولٹ بیورو کے رکن منی سرکار نے پارٹی کارکنوں سے تریپورہ میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہشت کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے جمعرات کے روز یہاں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ اپیل کی۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے سابق وزیر اور سی پی ایم لیڈر بادل چودھری کے خلاف دو سینئر افسران کے ساتھ سال 2008-09 کے دوران تعمیرات کے 13 ٹھیکوں میں 164 کروڑ کی رشوت لینے کے معاملے میں وارنٹ جاری ہونے کا حوالہ دیا۔ دونوں رہنماؤں نے الزام لگایا کہ وپلو کمار دیو حکومت بدلے کے جذبے کی سیاست کر رہی ہے۔
پرکاش کرات نے کہاکہ ’’ایک جمہوری طریقے منتخب حکومت کے ذریعہ تریپورہ میں اس طرح کی فوری کارروائی کو دیکھ کر ہم لوگ حیران ہیں۔ موجودہ وقت میں پورے ملک میں بی جے پی کا ایک ہی چہرہ ہے۔ بی جے پی کی بنیادی پارٹی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے کبھی بھی ملک کی آزادی کی جنگ میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی انگریزوں نے سنگھ پر پابندی لگائی تھی، لیکن کمیونسٹ پارٹی پر انگریزوں کے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی تھی‘‘۔
انہوں نے الزام لگایا کہ تریپورہ میں گزشتہ برس حکومت کے قیام کے بعد سے بی جے پی نے پنچایتی رات سمیت جمہوری طریقے سے منتخب سبھی اداروں پر طاقت کے زور پر قبضہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس طرح کی کارروائیاں ریاست میں بائیں بازو کی تحریک کو روک نہیں پائیں گی۔ بائیں بازوکو سڑکوں پر اترانا ہوگا اور استحصال کئے جانے والوں اور محروموں کے لئے آواز اٹھانی ہوگی۔ بی جے پی کے دہشت گردی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔