کانوڑ یاترا منسوخ! ’کسی کی جان جائے، یہ بھگوان کو بھی اچھا نہیں لگے گا’

اتراکھنڈ حکومت نے ماہرین کی رائے کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اور انسانی جانوں کو اولین ترجیح دیتے ہوئے آئندہ کانوڑ یاترا کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا

کانوڑ یاترا، علامتی تصویر / ٹوئٹر
کانوڑ یاترا، علامتی تصویر / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

دہرادون: اتراکھنڈ حکومت نے کورونا وبا کے پیش نظر رواں سال ’کانوڑ یاترا‘ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پُشکر سنگھ دھامی نے کانوڑ یاترا کے سلسلہ میں سیکریٹریٹ میں اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ ایک میٹنگ کی، جس میں ڈیلٹا ویرینٹ پائے جانے، کورونا کی تیسری لہر کے خدشے اور ملک و بیرون میں اس کے منفی اثرات پر سنجیدگی سے غور و خوض کیا گیا۔ اس تعلق سے ماہرین کی رائے کو بھی ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے انسانی جانوں کو اولین ترجیح دی گئی اور آئندہ کانوڑ یاترا کو منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پُشکر سنگھ دھامی نے کہا، ’’ہم ہریدوار کو کورونا وبا کا مرکز نہیں بنانا چاہتے۔ لوگوں کی زندگی ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اس کے ساتھ قطعاً کھلواڑ نہیں کر سکتے۔ ہم کوئی کوتاہی نہیں برتیں گے لہذا ہم نے یاترا منسوخ کر دی ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ سے جب یہ پوچھا گیا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ تو یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ 25 جولائی سے یاترا شروع کر رہے ہیں تو ایسے حالات میں ہم کیا کریں گے؟ اس پر انہوں نے کہا، اس سے پہلے بھی آپ لوگوں نے دیکھا ہوگا کہ کئی مواقع پر ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں جب ہم لوگوں نے فیصلہ لیا، ہماری حکومت کا فیصلہ یہی ہے کہ اس مرتبہ کانوڑ یاترا نہیں ہوگی۔


اتراکھنڈ کی سرحد کے اندر اگر کچھ کانڑئے داخل ہو جاتے ہیں تو انہیں واپس بھیج دیا جائے گا یا ان کے لئے انتظامات کئے جائیں گے؟ اس سوال کے جوانب میں پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ وہ سبھی سے اپیل کرتے ہیں کہ چونکہ کورونا وبا کا دور چل رہا ہے، اس لئے لوگوں کی جان بچانا زیادہ ضروری ہے۔ اور بھگوان کو بھی اچھا نہیں لگے گا اگر کسی کی جان چلی جائے۔

وزیر اعلیٰ اور ڈی جی پی کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ ہمسایہ ریاستوں کے افسران سے تالمیل قائم کرتے ہوئے مؤثر کارروائی کے لئے کہا جائے، تاکہ عالمی وبا کو روکنے میں کامیابی حاصل ہو سکے۔ میٹنگ میں چیف سیکریٹری ڈاکٹر ایس ایس سندھو ایڈیشنل چیف سیکریٹری آنندبردھن ڈی جی پی اشوک سمیت سینئر عہدیداران موجود تھے۔


خیال رہے کہ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) کی اتراکھنڈ یونٹ نے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کو مکتوب ارسال کرتے ہوئے کورونا کی تیسری لہر کے خدشات کے پیش نظر اس سال کانوڑ یاترا کو منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی۔؎

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔