ایٹاوہ: آگرہ-کانپور ہائی وے پر بے قابو کار ٹرک کے اندر گھسی، 4 افراد کی موت، 2 شدید زخمی
بلند شہر کے پہاسو پنڈرابل مارگ میں چوڈھیرا کالی ندی پُل کے نزدیک تیز رفتار کار کے کھائی میں گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی ہے۔
ایٹاوہ ضلع میں بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے آگرہ – کانپور ہائی وے پر ایک دردناک سڑک حادثہ میں 4 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ یہ حادثہ تب ہوا جب پلکھر کے پاس آگرہ کی طرف سے آرہی ایک بےقابو کار پیچھے سے سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک میں جاکر گھس گئی۔ اس دوران جائے وقوع پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے اور اس حادثہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی اِکدل پولیس نے حادثہ میں زخمی 2 لوگوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا، جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔
کار میں کُل 6 لوگ سوار تھے جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور تیز رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا، اس دوران اسے نیند کی جھپکی آنے لگی اور کار بے قابو ہوکر سڑک کنارے کھڑے ٹرک کو زوردار ٹکر مارتے ہوئے سیدھے اس کے اندر گھس گئی۔ پولیس ہلاک شدگان کی شناخت کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آج رہے گا بھارت بند، کون سی خدمات متاثر ہو سکتی ہیں
دوسری طرف بلند شہر میں پہاسو پنڈرابل مارگ واقع چوڈھیرا کالی ندی پُل کے نزدیک منگل کی رات ایک تیز رفتار کار بے قابو ہوکر کھائی میں گر گئی۔ حادثے میں کار پر سوار 3 لوگ شدید طور پر زخمی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے تینوں زخمیوں کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پہاسو میں داخل کرایا ہے۔ زخمیوں کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے ہائر سنٹر ریفر کر دیا جہاں پر ایک شخص کو مردہ قرار دے دیا گیا جبکہ 2 لوگ اب بھی سنگین حالت میں زیر علاج ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔