ہولی سے قبل مودی حکومت نے دیا زور کا جھٹکا، پی ایف پر شرح سود 4 دہائیوں کی نچلی سطح پر
مالی سال 21-2020 کے لیے پی ایف پر ملنے والا سود 8.5 فیصد تھا، مالی سال 22-2021 کے لیے اسے گھٹا کر 8.1 فیصد کر دیا گیا ہے۔
ہولی سے پہلے مودی حکومت نے ملازمین کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ ایمپلائی پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) نے رواں مالی سال کے لیے شرح سود گھٹا کر 8.1 فیصد کر دیا ہے۔ یہ گزشتہ چار دہائیوں میں سب سے کم شرح سود ہے۔ مالی سال 21-2020 کے لیے پروویڈنٹ فنڈ (پی ایف) پر ملنے والا شرح سود 8.5 فیصد تھا۔
گزشتہ دو سالوں سے اس میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ حالانکہ رواں مالی سال میں ساے 40 بنیادی پوائنٹس سے گھٹا دیا گیا ہے۔ ای پی ایف او کے فیصلے کا اثر 7 کروڑ سبسکرائبرس پر ہوگا۔ ای پی ایف او بورڈ کے فیصلے پر وزیر مالیات کی مہر لگائی جائے گی جس کے بعد اسے عمل میں لایا جائے گا۔
78-1977 میں ای پی ایف او نے 8 فیصد کا شرح سود دیا تھا۔ اس کے بعد سے یہ 8.25 فیصد یا اس سے زیادہ رہا ہے۔ 11 مارچ، جمعہ کو ہی ای پی ایف او کی دو روزہ میٹنگ شروع ہوئی تھی، جو آج ختم ہو گئی ہے۔ اس میں ای پی ایف او کا شرح سود گھٹانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ مودی حکومت کے اس فیصلے سے ملک کے تقریباً 7 کروڑ ملازمین کو زبردست نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ ای پی ایف او نے مالی سال 21-2020 اور اس سے گزشتہ مالی سال میں 8.5 فیصد شرح سود طے کیا تھا۔ اس سے پہلے 19-2018 میں ای پی ایف او پر 8.65 فیصد کی شرح سے سود دیا گیا تھا۔ ای پی ایف او نے 17-2016 اور 18-2017 میں بھی 8.65 فیصد کی شرح سے سود دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔