اچھے کام کی حوصلہ افزائی، غفلت پر ہوگی سخت کارروائی: اشوک گہلوت
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے سینئر پولس افسران کے ساتھ امن و امان کے جائزہ اجلاس میں کہا کہ شکایت دہندگان کی بہتر سماعت کے لئے تھانوں میں استقبالیہ کمروں کے لئے کام کو تیز کیا جائے۔
جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی ، اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ حکومت ریاست میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے ، جو پولس اہلکار اچھے کام کریں گے ، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور لاپروائی برتنے اور بدعنوان اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔
اشوک گہلوت نے آج وزیراعلیٰ آفس میں سینئر پولس افسران کے ساتھ امن و امان کے جائزہ اجلاس میں کہا کہ شکایت دہندگان کی بہتر سماعت کے لئے تھانوں میں استقبالیہ کمروں کے کام کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے بچیوں کو پولس کی جانب سے اپنے دفاع کے لئے دی جانے والی تربیت میں بہتری لانے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس کے لئے ایک ویب پورٹل تیار کیا جانا چاہیے تاکہ کوئی بھی دلچسپی رکھنے والی لڑکی اس کے ذریعے دفاعی صلاحیتوں کی تربیت حاصل کرسکے۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ بدلتے وقت کے ساتھ سائبر کرائم اور معاشی جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسے معاملات میں ، سائبر ماہر کی خدمات کے ساتھ تحقیق میں ٹیکنالوجی کا بھی سہارہ لیں۔ انہوں نے خواتین پولس رضاکار اسکیم اور ولیج گارڈ اسکیم پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ گاؤں کے محافظ اور خواتین رضاکار عام آدمی اور پولس کے مابین بہتر تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ حکومت کی اسکیموں کو گاؤں دھانی تک لے جانے میں مضبوط کردار ادا کریں گے۔
میٹنگ میں وزیر اعلی نے منظم جرائم کی روک تھام ،مفت رجسٹریشن پالیسی اور پولس کے کام کو بہتر بنانے کے لئے کیے جانے والے کاموں کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ راجستھان پولس کو ملک کی بہترین پولس فورس بنانا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔