خواتین کو بااختیار بنانے اور بچوں کے حقوق کی حفاظت ضروری: اختر الواسع
اختر الواسع نے حضرت خدیجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ویمن امپاورمنٹ کی علامت تھیں اور اس دور میں تجارت کے میدان میں انہوں نے نمایاں خدمات انجام دی تھیں جو اس وقت پوری دنیا کے لئے مشعل راہ ہیں۔
نئی دہلی: موجودہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے دور میں ادب اطفال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور، راجستھان کے صدر پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ معاشرہ کی تعمیر کے لئے خواتین کو بااختیار بنانا سب سے اہم کام ہے۔ انہوں نے یہ بات آج یہاں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے اشتراک سے الا نصار ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام ادب اطفال پر سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے حضرت خدیجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ویمن امپاورمنٹ کی علامت تھیں اور اس دور میں تجارت کے میدان میں انہوں نے نمایاں خدمات انجام دی تھیں جو اس وقت پوری دنیا کے لئے مشعل راہ ہیں اور خواتین کو خود مختار بنانے کی علامت بھی ہیں۔ ان کی روایت آگے بڑھانے کی ضرورت آج جتنی ہے اس سے پہلے نہیں تھی۔ انہوں نے الا نصار ویلفیئر ٹرسٹ کے کام کاج میں اہم کام کی طرف گہری توجہ اور منصوبہ بندی پروگراموں کے لئے سکریٹری اسماء عرشی اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ادب اطفال پر بھی اتفصیل سے بات کی اور عہد حاضر میں اس کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔
ٹرسٹ کی سکریٹری اسماء عرشی نے خیر مقدمی کلمات میں ادب اطفال کی آج کے عہد میں افادیت پر سوالیہ نشان قائم کیا اور کہا کہ ہمیں اس پر غور کرنا چاہیےکہ جب بچے اسمارٹ فون سمیت الیکٹرونک گیجٹوں میں بری طرح الجھے ہوئے ہیں انہیں سبق آموز کہانیوں اور مضمون کی طرف مائل کرنے کے لئے جدید عہد کے تقاضوں کے مطابق کیا ایسا کرنا چاہیے کہ بچے اخلاق کی تہذیب کی سہولت بھی حاصل کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کی نظر میں عام آدمی کون ہے؟... نواب علی اختر
کلیدی خطبہ سراج عظیم نے پیش کیا۔ پرویز شہر یار، چشمہ فاروقی اور سراج عظیم کی تخلیقات میں موضوع سے انصاف کرنے کا رحجان نمایاں تھا۔ آل محمد اقبال مقامی کونسلر نے بھی اردو میں ادب اطفال کی اہمیت پر زور دیا اور ہر گھر میں بچوں کی اردو تعلیم پر توجہ کی اپیل کی۔ اسی کے ساتھ یہاں آج ادب اطفال کے ایک سیمینار میں خواتین کو اختیارات کی تفویض اور بچّوں کے حقوق کے تحفظ میں رضاکار تنظیموں کے رول پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی۔ شعیب رضا خان نے عمدگی سے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ شبانہ صدیقی نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔