مضبوط ہندوستان کے لئے کسانوں اور مزدوروں کو بااختیار بنانا ضروری: راہل

راہل گاندھی نے کہا کہ اگر پی ایم اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کی مدد کرکے ملک کو کھوکھلا کرنے کی بجائے کسانوں، مزدوروں اور محنت کشوں کا تحفظ کرتے تو چین کی ہماری سرزمین پر نگاہ ڈالنے کی ہمت نہیں ہوتی۔

راہل گاندھی، تصویر @INCIndia
راہل گاندھی، تصویر @INCIndia
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی ہمارے کسانوں پر حملہ کر رہے ہیں۔ وہ نئے 3 قانون لے کر آئے ہیں جو ہندوستان کی زراعت کو تباہ کرنے اور 2-3 بڑے صنعت کاروں کے حوالے کرنے جا رہے ہیں۔ ذرا تصور کریں کہ ان قوانین میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کسان اپنی حفاظت کے لئے عدالت نہیں جاسکتے ہیں۔

راہل گاندھی نے کہا ہے کہ مزدور، کسانوں اور محنت کش ہی ہندوستان کی اصل طاقت ہیں اور ان کو بااختیار بنانے سے ہی ملک کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ راہل گاندھی نے پیر کو جاری کی گئی ایک ویڈیو میں کہا ’’ہندوستان کی طاقت مضبوط معیشت، نوجوانوں کو روزگار اور معاشرتی ہم آہنگی ہے۔ اگر وزیر اعظم مودی اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کی مدد کرکے ملک کو کھوکھلا کرنے کی بجائے کسانوں، مزدوروں اور محنت کشوں کا تحفظ کیا جاتا تو چین کی ہماری سرزمین پر نگاہ ڈالنے کی ہمت نہیں ہوتی‘‘۔


انہوں نے ایک ویڈیو میں کہا کہ ’’چین جانتا ہے کہ ہندوستان میں اس کی طاقت کسان مزدور اور محنت کش طبقہ ہے جنھیں کمزور کیا جا رہا ہے۔ اگر اسے یہ محسوس ہوتا ہے کہ ہندوستان کی اصل طاقت کسانوں، مزدوروں، محنت کشوں کو کمزور نہیں کیا گیا تو پھر اس کی ہمت ہماری طرف آنکھ اٹھاکر دیکھنے کی نہیں ہوتی‘‘۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔