کورونا کا قہر: ’انکل میری ممی جا رہی ہیں!‘ بچی نے جب دھویں کی تصویر کھینچنے کو کہا

سنجیو گپتا کادل اس وقت دہل کر رہ گیا جب دو معصوم بچوں نے شمشان کی چمنی سے نکلتےہوئے دھویں کی جانب اشارہ کرتےہوئے سنجیو سےکہا ’’انکل میری ممی کی تصویر بھی کھینچ لو ۔‘‘

تصویر ویڈیو گریب بشکریہ ٹویٹر 
تصویر ویڈیو گریب بشکریہ ٹویٹر
user

قومی آواز بیورو

کورونا وبا نے خاندان کے خاندان اجاڑ دئے ہیں۔ پورے ملک میں اس وبا کی دہشت جاری ہے لیکن فوٹو جرنلسٹ سنجیو گپتا نے بھوپال کی جو تصویر پیش کی ہے وہ بہت ہی دل دہلانے والی ہے۔ کورونا سے مرنے والوں کی اصل تعداد کیا ہے اور حکومت کے اعداد و شمار کیا بتا رہے ہیں، اس پر تو بہت رپورٹ شائع ہو چکی ہیں اور ہو رہی ہیں لیکن سنجیو گپتا نے بھوپال کے شمشان گھاٹ کی تصویر کے ساتھ جو رپورٹ پیش کی ہے وہ انتہائی خوفناک ہے۔

سنجیو گپتا نے اپنے ویڈیو میں بتایا کہ 15 اپریل کو جب وہ بھوپال کے شمشان گھاٹ پہنچے تو وہ روٹین کی خبر اور تصاویر لینے کے ارادے سے گئے تھے لیکن انہوں نے جو وہاں دیکھا اس پر ان کا کہنا ہے ’’ایسا منظر میں نے کبھی نہیں دیکھا۔ بھوپال کا گیس سانحہ بھی میں نے کور کیا ہے، لیکن میں نے ایسا خوفناک منظر کبھی نہیں دیکھا تھا۔‘‘


سنجیو گپتا نے اپنے ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے 45 لاشوں کو بیک وقت جلتے ہوئے دیکھا اور یہ گنتی بھی ڈرون کے ذریعہ کھینچی گئی تصویر سے ممکن ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ ’دلچسپ بات یہ ہے کہ سرکاری اعدادو شمار کے مطابق وہاں صرف 4 افراد کی لاشوں کی آخری رسومات ادا کی جا رہی تھیں! انہوں اس منظر کو اپنے کیمرے میں قید کر لیا، جس کی ویڈیو دینک بھاسکر نے ٹویٹ کے ساتھ شیئر کی ہے۔

سنجیو گپتا کا دل اس وقت دہل کر رہ گیا جب انہوں نے معصوم بہن بھائی کو دیکھا، جن کی ماں کی آخری رسومات ادا ہو رہی تھیں۔ بچی نے شمشان کی چمنی سے نکلتے ہوئے دھویں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سنجیو سے کہا ’’انکل میری ممی (والدی) بھگوان کے پاس جا رہی ہیں، ان کی تصویر بھی کھینچ لو!‘‘ سنجیو کا کہنا ہے کہ اس جملہ نے انہیں رات بھر سونے نہیں دیا۔ انہوں نے خدا سے رہم کی دعا کی اور لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔