دہلی میں خطرناک آلودگی کے سبب ہنگامی صورت حال اور کیجریوال گجرات انتخابات میں مصروف: چودھری انیل کمار
دہلی کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انیل کمار نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اثر سے دہلی کے تمام اسکولوں کو کچھ وقت کے لئے بند کرنے کا حکم جاری کریں
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انیل کمار کا کہنا ہے کہ دہلی میں ایک طرف جہاں اے کیو آئی (ایئر کوالٹی انڈیکس) 594 سے تجاوز کر رہا ہے اور آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے، وہیں دوسری طرف وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال دہلی کے لوگوں سے پارکوں میں یوگا کی کلاس چلانے کی اپیل کر رہے ہیں، جبکہ ڈاکٹر مشورہ دے رہے ہیں کہ بچوں، بوڑھوں، دمہ، پھیپھڑوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو چاہیے کہ وہ صبح و شام پارکوں میں نہ جائیں، کیونکہ بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے وہ خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔
خطرناک آلودگی کی وجہ سے ریاستی صدر نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ راجدھانی میں سنگین شکل اختیار کر چکی آلودگی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر کچھ وقت کے لیے اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا جائے تاکہ بچے اس سے محفوظ رہ سکیں اور انہیں آلودگی سے ہونے والی سنگین بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے۔
ریاستی صدر چودھرری انیل کمار نے کہا کہ دہلی میں مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے 35 اے کیو آئی مراکز میں سے 27 میں آلودگی کی سطح خطرناک سطح یعنی 400 سے تجاوز کر چکی ہے۔ جبکہ آلودگی کی سطح میں اضافہ کا یہ ابتدائی دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کے لئے کیجریوال حکومت میں پھیلی بدعنوانی پوری طرح سے ذمہ دار ہے۔ نیز، دہلی حکومت آلودگی کی روک تھام کے لیے جتنے بھی فنڈز مختص کرتی ہے، وہ سب کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید آلودگی کی وجہ سے راجدھانی میں بچے نمونیا، کھانسی، نزلہ اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
انیل کمار نے کہا کہ دہلی میں خطرناک آلودگی اور ڈینگو کے بڑھتے ہوئے معاملات کی وجہ سے جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ دہلی میں ڈینگو کے معاملے لگاتار بڑھ کر 2000 سے اوپر ہو گئے ہیں، جبکہ چکنگنیا اور ملیریا کے معاملے بھی سامنے آ رہے ہیں لیکن وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال گجرات کے انتخابات میں مصروف ہیں۔ وہ دہلی کے حوالہ سے صرف لفاظی کر رہے ہیں اور ’’یوگ شالا ضرور چلائیں گے، چاہے بھیک مانگ کر پیسہ لاؤں‘‘ وغیرہ بیان دے رہے ہیں۔ انیل کمار نے کہا کہ کیجریوال کو چاہئے کہ وہ دہلی والوں کے جذبات سے کھلواڑ کرنے کی بجائے ان کو آلودگی اور ڈینگو جیسی پریشانیوں سے نجات دلانے کے لیے کام کرنا کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔