الیکٹورل بانڈ: تاریخ میں کبھی کسی حکومت نے بدعنوانی کو قانونی جواز نہیں دیا، پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی نے کہا، ’’الیکٹورل بانڈ کے ذریعے بڑے کارپوریٹ گروپوں نے بی جے پی کو بھاری چندہ دیا ہے۔ بدعنوانی کو کسی حکومت نے کبھی اس طرح قانونی جواز نہیں دیا، وزیر اعظم اس لوٹ کا حساب دیں‘‘
نئی دہلی: کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے الیکٹورل بانڈ پر بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 38 کمپنیوں نے الیکٹورل بانڈ کے ذریعے بی جے پی کو 2004 کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے۔ بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں کبھی کسی حکومت نے بدعنوانی کو قانونی جواز نہیں دیا۔
پرینکا گاندھی واڈرا نے ایکس پر پوسٹ کر کے بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا، ’’38 کارپوریٹ گروپوں نے الیکٹورل بانڈ کے ذریعے بی جے پی کو 2004 کروڑ روپے کا عطیہ دیا۔ بدلے میں انہیں بی جے پی کی مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے 3.8 لاکھ کروڑ روپے کے ٹھیکے/ پروجیکٹ حاصل ہوئے۔ ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی نے 41 کارپوریٹ گروپوں پر چھاپے مارے، اس سے بچنے کے لیے ان گروپوں نے بی جے پی کو 2592 کروڑ روپے کا عطیہ دیا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ 16 فرضی کمپنیوں نے بی جے پی کو 419 کروڑ روپے کا عطیہ دیا، جن میں وہ کمپنیاں بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے کل سرمائے سے کئی گنا عطیہ دیا۔ ملکی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کوئی حکومت کرپشن کو قانونی جواز دے کر تمام ایجنسیوں اور ملک کے پورے نظام کو بھتہ خوری میں تبدیل کر دے۔ کیا وزیراعظم ملک کے عوام کو اس لوٹ مار کا حساب دیں گے؟
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے الیکشن کمیشن کو الیکٹورل بانڈ کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں۔ الیکٹورل بانڈ کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد سے بی جے پی حزب اختلاف کی جماعتوں کے نشانے پر ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔