الیکٹورل بانڈ نے بی جے پی کی لوٹ مار کو بے نقاب کر دیا: ادھو ٹھاکرے

ادھو ٹھاکرے نے کہا، ’’الیکٹورل بانڈ اسکیم سے متعلق انکشافات نے بی جے پی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ بی جے پی آپ کو 'ترقی یافتہ ہندوستان' کا خواب دکھا کر ملک کو لوٹنے کے لیے مزید 5 سال کی مدت چاہتی ہے‘‘

ادھو ٹھاکرے، تصویر سوشل میڈیا
ادھو ٹھاکرے، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ الیکٹورل بانڈ اسکیم سے متعلق انکشافات نے بی جے پی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ٹھاکرے نے جنوبی ممبئی کے کولابا علاقے میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کو الیکٹورل بانڈ میں 8000 کروڑ روپے ملے ہیں اور اگر اس کا موازنہ کانگریس کو ملنے والی رقم سے کیا جائے تو یہ واضح ہو جائے گا کہ کون لوٹ رہا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’الیکٹورل بانڈ اسکیم سے متعلق انکشافات نے بی جے پی کو بے نقاب کر دیا ہے جو اکثر کانگریس پر ملک کو لوٹنے کا الزام لگاتی ہے۔ کیا آپ اس ملک کی کمان لٹیروں کے حوالے کریں گے؟ بی جے پی آپ کو ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب دکھا کر ملک کو لوٹنے کے لیے مزید پانچ سال کی مدت چاہتی ہے۔‘‘


مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ٹھاکرے نے الزام لگایا کہ جس طرح ان کی پارٹی کے لیڈروں پر سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) جیسی تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعہ دباؤ ڈالا جا رہا ہے، اسی طرح تاجروں پر بھی بی جے پی کو بھاری چندہ دینے کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اعلیٰ کمپنیوں کو ملک کے مختلف حصوں میں ٹھیکے ملے اور انہیں الیکٹورل بانڈ کی شکل میں بی جے پی کو چندہ دینے پر مجبور کیا گیا۔ 15 فروری کو دیئے گئے ایک تاریخی فیصلے میں سپریم کورٹ نے مرکز کی الیکٹورل بانڈ اسکیم کو منسوخ کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔