’الیکشن ختم، وصولی شروع‘، ممبئی میں سی این جی کی قیمت 2 روپے بڑھائے جانے سے کانگریس ناراض
کانگریس نے کہا کہ ممبئی میں سی این جی کی قیمت 2 روپے بڑھا دی گئی ہے، ابھی 2 دن قبل یوپی میں بھی سی این جی کی قیمت بڑھا دی گئی تھی۔
مہاراشٹر میں اسمبلی انتخاب ختم ہوئے ابھی 2 روز ہی ہوئے ہیں اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھنا شروع ہو گیا ہے۔ مہانگر گیس لمیٹڈ نے ممبئی میں سی این جی کی قیمت 2 روپے فی کلو بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے جس پر کانگریس نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’الیکشن ختم، وصولی شروع۔ ممبئی میں سی این جی کی قیمت 2 روپے بڑھا دی گئی ہے۔ ابھی 2 دن پہلے یوپی میں بھی سی این جی کی قیمت بڑھا دی گئی تھی۔‘‘
کانگریس نے اس پوسٹ میں پی ایم مودی کا نام لیے بغیر انھیں بھی ہدف تنقید بنایا ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’انتخاب ختم ہوتے ہی ’مہنگائی مین‘ کا قہر عوام پر برسنے لگا ہے۔‘‘ دراصل کانگریس اکثر پی ایم مودی کو ’مہنگائی مین‘ کہہ کر پکارتی رہی ہے۔ ممبئی میں سی این جی کی بڑھی قیمتوں کے بعد ایک بار پھر کانگریس نے پی ایم مودی کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مہانگر گیس لمیٹڈ نے سی ایم جی کی قیمتوں میں آج سے اضافہ کر دیا ہے۔ پہلے ممبئی میں سی این جی 75 روپے کلو فروخت ہوتی تھی، لیکن اب یہ 77 روپے فی کلو ملے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مہانگر گیس پائپ لائن فراہمی کی قیمت بھی بڑھا سکتی ہے جس سے گھریلو اخراجات بھی بڑھ جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق حکومت کی طرف سے گھریلو قدرتی گیس کی سپلائی کم کرنے کے سبب سی این جی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو قیمت بڑھانے کا فیصلہ کرنا پڑا ہے۔ اب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ دوسری کمپنیاں، مثلاً اندرپرستھ بھی گیس کی قیمت میں اضافہ کر دے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔