راجیہ سبھا کی 57 نشستوں کے لئے انتخابی عمل آج سے شروع
15 ریاستوں کے 57 راجیہ سبھا ارکان کی میعاد جون اور اگست کے درمیان ختم ہو رہی ہے اور ان کے لئے کاغذات نامزدگی 31 مئی تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔
نئی دہلی: راجیہ سبھا انتخابات سے تعلق سے آج نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا کام شروع ہو رہا ہے۔ 15 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 57 سیٹوں کے لیے 10 جون کو انتخابات ہونے ہیں۔ کاغذات نامزدگی 31 مئی تک داخل کیے جا سکتے ہیں اور ان کی جانچ پڑتال یکم جون کو کی جائے گی۔ امیدوار 3 جون تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ ووٹنگ 10 جون کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی اسی دن شام 5 بجے سے شروع کی جائے گی۔
خیال رہے کہ راجیہ سبھا میں 15 ریاستوں کے 57 ارکان کی میعاد جون اور اگست کے درمیان ختم ہو رہی ہے۔ جن اہم لیڈروں کی میعاد ختم ہو رہی ہے ان میں مرکزی حکومت کے وزیر مختار عباس نقوی، پیوش گوئل، کانگریس لیڈر جے رام رمیش، کپل سبل اور امبیکا سونی شامل ہیں۔ساتھ ہی بی ایس پی کے ستیش چندر مشرا کی میعاد بھی ختم ہو رہی ہے۔ ان تمام راجیہ سبھا ارکان کی میعاد 21 جون سے یکم اگست کے درمیان ختم ہو رہی ہے۔
ملک میں راجیہ سبھا کی 245 سیٹیں ہیں جن میں سے فی الحال بی جے پی کے پاس 95 جبکہ کانگریس کے پاس 29 سیٹیں ہیں۔ راجیہ سبھا میں سب سے زیادہ 31 ممبران اتر پردیش کے ہیں۔ ان میں سے 11 راجیہ سبھا ممبران پارلیمنٹ کی میعاد 4 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ مہاراشٹرا اور تمل ناڈو کے 6-6 ممبران کی میعاد ختم ہو رہی ہے۔ بہار سے راجیہ سبھا کے 5 ارکان کی میعاد ختم ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ راجستھان، آندھرا پردیش اور کرناٹک سے راجیہ سبھا کے 4-4 ارکان کی میعاد ختم ہو رہی ہے۔
مدھیہ پردیش اور اڈیشہ کے 3 راجیہ سبھا ارکان کی میعاد ختم ہو رہی ہے۔ چھتیس گڑھ، تلنگانہ، جھارکھنڈ، پنجاب اور ہریانہ کے دو دو راجیہ سبھا ارکان کی میعاد ختم ہو رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس بار راجیہ سبھا انتخابات کے بعد بی جے پی کے راجیہ سبھا ممبران کی تعداد کم ہو سکتی ہے۔راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس کو زیادہ سے زیادہ 9 سیٹیں مل سکتی ہیں، لیکن اگر اتحادیوں نے فراخدلی دکھائی تو یہ تعداد 10 سے 11 تک پہنچ سکتی ہے۔
لیکن اس کے ساتھ راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس کے لیے امیدواروں کا انتخاب ایک بڑا چیلنج ہے، کیوں کہ راجیہ سبھا کے لیے پارٹی کی پوزیشن ایک انار اور سو بیمار جیسی ہے۔ پنجاب میں اروند کیجریوال کی قیادت والی عام آدمی پارٹی کی حکومت بننے کے بعد عآپ کے امیدوار یہاں کی دونوں سیٹوں پر قبضہ کر سکتے ہیں۔ پنجاب سے اکالی دل کے واحد راجیہ سبھا رکن بلوندر سنگھ بھونڈر اور کانگریس کی امبیکا سونی کی میعاد ختم ہونے جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔