یوپی میں 13 ایم ایل سی سیٹوں کے لیے انتخابات کا اعلان، 4 مارچ سے نامزدگی، 21 کو ووٹنگ
یوپی قانون ساز کونسل کی 13 سیٹوں کے لیے انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔ 13 نشستوں کے لیے ووٹنگ 21 مارچ کو ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
لکھنؤ: پارلیمانی انتخابات کے پیشِ نظر اتر پردیش میں بچھائی جا رہی سیاسی بساط کے درمیان الیکشن کمیشن نے ریاست کی 13 ایم ایل سی سیٹوں کے لیے بھی انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے 4 مارچ سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے اور 21 مارچ کو ووٹنگ ہونے کے بارے میں اطلاع دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اس اعلان کے بعد پارلیمانی سیٹوں کی صف بندی کے ساتھ قانون ساز کونسل کے لیے بھی سیاسی لڑائی کا آغاز ہو گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق ان 13 سیٹوں کے لیے ہونے والے انتخابات کے لیے 4 مارچ سے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے جائیں گے، 11 مارچ کو نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی، 12 مارچ کو کاغذات کی جانچ کی جائے گی اور 14 مارچ تک نام واپس لیے جا سکیں گے۔ اس کے بعد 21 مارچ کو ووٹنگ ہوگی اور اسی دن نتائج بھی آجائیں گے۔
جن 13 ایم ایل سی ممبران کی سیٹیں خالی ہو رہی ہیں ان میں یشونت سنگھ ( بی جے پی)، وجے بہادر پاٹھک (بی جے پی)، ودیا ساگر سونکر (بی جے پی)، ڈاکٹر سروجنی اگروال (بی جے پی)، نریش چندر اتم (ایس پی)، بھیم راؤ امبیڈکر (بی ایس پی)، آشیش پٹیل (اپنا دل-ایس)، اشوک کٹاریہ (بی جے پی)، اشوک دھون (بی جے پی)، بکّل نواب (بی جے پی)، مہندر کمار سنگھ (بی جے پی)، محسن رضا (بی جے پی) اور نرملا پاسوان (بی جے پی) کے نام شامل ہیں۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی سے علاحدہ ہونے والے سوامی پرساد موریہ نے اپنے ایم ایل سی کے عہدے سے بھی استعفیٰ دیدیا تھا جس کے بعد ان کی بھی سیٹ خالی ہوگئی ہے۔ اس پر 20 فروری سے ہی نوٹیفکیشن جاری ہے، لیکن ان 13 سیٹوں کے ساتھ اس سیٹ پر انتخاب کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس سیٹ پر کبھی بھی انتخاب کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔