مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: تین امیدواروں پر حملے، تحقیقات جاری
مہاراشٹر کے مختلف اسمبلی حلقوں میں انتخابی تشدد کے واقعات پیش آئے۔ تین امیدواروں پر حملے کیے گئے، جن میں ان کی گاڑیوں پر پتھراؤ شامل ہے۔ پولیس تحقیقات میں مصروف ہے
مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر کے گنگاپور اسمبلی حلقے میں پیر کی شام آزاد امیدوار سریش سوناونے کی کار پر حملہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، یہ واقعہ شام ساڑھے سات بجے لنجی گاؤں کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر پتھراؤ کیا۔ اس واقعے میں سریش سوناونے کو سر پر معمولی چوٹ آئی، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ پولیس نے ملزمان کو پکڑنے کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
اسی روز، مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ اور شرد پوار گروپ کے رہنما انیل دیشمکھ پر بھی حملہ ہوا۔ ان کے قافلے پر پتھراؤ کیا گیا، جس سے ان کے سر پر چوٹ آئی اور انہیں اسپتال لے جایا گیا۔ حملے کے دوران انیل دیشمکھ کار کی پچھلی نشست پر موجود تھے اور کھڑکی کھلی ہونے کی وجہ سے پتھر ان کے سر پر لگا۔ ان کی زخمی حالت کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
دو دن قبل، جن سوراجیہ شکتی پارٹی کے امیدوار سنتاجی گھورپڑے پر بھی قاتلانہ حملہ ہوا۔ ان کی گاڑی کو روک کر پتھراؤ کیا گیا، جس سے ان کے سر اور بازو پر زخم آئے۔ حملہ آور رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، جبکہ گھورپڑے کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کی شکایت پر کلے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ مہاراشٹر میں پیر کو انتخابی مہم کا آخری دن تھا، جو شام پانچ بجے ختم ہوا۔ اس کے بعد سے تشدد کے یہ واقعات سامنے آئے ہیں، جنہوں نے انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔