دہلی اسمبلی انتخاب میں ڈیوٹی کے دوران الیکشن افسر کی موت، پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار
بتایا جاتا ہے کہ 50 سالہ اودھم سنگھ کے سینے میں تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد وہ دورۂ قلب کا شکار ہو گئے۔ جب انھیں اسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔
دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران انتخابی ڈیوٹی ادا کرتے ہوئے ایک الیکشن افسر کی موت ہو گئی۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مہلوک کا نام اودھم سنگھ ہے جو شمال مشرقی دہلی کے بابر پور پرائمری اسکول کے پولنگ بوتھ میں تعینات تھا۔ 50 سالہ اودھم سنگھ کو سینے میں تکلیف ہوئی تھی اور تھوڑی ہی دیر کے بعد ان کا انتقال ہو گیا۔ پولس نے پولنگ بوتھ سے ان کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے گرو تیغ اسپتال بھیج دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ الیکشن افسر کی موت دورۂ قلب کی وجہ سے ہوئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ سے بات چیت کرتے ہوئے ایک پولنگ پینل کے افسر نے بتایا کہ ان کی موت کا سبب دورۂ قلب ہو سکتی ہے، حالانکہ ڈاکٹروں کی رپورٹ کے بعد ہی واضح طور پر کہا جا سکے گا کہ آخر کیا ہوا تھا۔ کچھ پولنگ افسران کا کہنا ہے کہ اودھم سنگھ کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد فوری طور پر انھیں اسپتال لے جایا گیا تھا لیکن ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ دہلی کی 70 اسمبلی سیٹوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔ دہلی میں کچھ لوگ اس بار سہ رخی مقابلے کی امید کر رہے ہیں۔ کانگریس، بی جے پی اور عآپ تینوں ہی کے امیدوار ایک دوسرے کو ٹکر دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ 11 فروری کو جب انتخاب کا نتیجہ سامنے آئے گا تو یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کس پارٹی کو کتنی سیٹیں یا پھر کتنے فیصد ووٹ حاصل ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔