4 راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے انتخاب کی تاریخ کا اعلان، 2 جنوری کو جاری ہوگا نوٹیفکیشن
سنجے سنگھ، سشیل کمار گپتا اور نارائن داس گپتا کی 6 سال کی مدت کار آئندہ سال 27 جنوری کو ختم ہو رہی ہے اور ہشے لاچنگپا کی مدت کار آئندہ سال 23 فروری کو ختم ہو رہی ہے۔
انتخابی کمیشن نے 4 راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ انتخابی کمیشن نے جمعہ کے روز جانکاری دی کہ دہلی سے 3 اور سکم سے 1 راجیہ سبھا سیٹ پر 19 جنوری کو الیکشن ہوگا۔ دراصل سنجے سنگھ، سشیل کمار گپتا اور نارائن داس گپتا کی 6 سالہ مدت کار آئندہ سال 27 جنوری کو ختم ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں سکم ڈیموکریٹک فرنٹ سے ہشے لاچنگپا کی مدت کار بھی آئندہ سال 23 فروری کو ختم ہو رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ آبکاری پالیسی گھوٹالہ سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی کے ذریعہ گرفتار کیے جانے کے بعد عدالتی حراست میں ہیں۔ ساتھ ہی ایوان میں غیر اخلاقی سلوک کے سبب وہ 24 جولائی سے ایوان سے معطل بھی ہیں۔
بہرحال، انتخابی کمیشن کے ذریعہ جاری بیان کے مطابق 4 سیٹوں کو بھرنے کے لیے انتخاب 19 جنوری کو ہوگا۔ نامزدگی کا عمل 2 جنوری کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی شروع ہو جائے گا اور 9 جنوری پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہوگی۔ انتخابی کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی راجدھانی علاقہ دہلی کو راجیہ سبھا میں تین سیٹیں الاٹ کی گئی ہیں۔ ان تینوں سیٹوں کو قانون کے مطابق تین الگ الگ انتخاب منقعد کر کے بھرا جا رہا ہے کیونکہ ان تین سیٹوں میں سے ہر تین الگ الگ چکروں کے ماتحت آتی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔