الیکشن کمیشن بی جے پی کے دباؤ میں: کانگریس

کانگریس رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ملک کے عوام کو بتانا چاہیے کہ جب انتخابی نتائج ایک ساتھ آنے والے ہیں تو گجرات اور ہماچل میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کے اعلانات کیوں نہیں کیے گئے۔

گجرات کانگریس کے انچارج رگھو شرما اور پارٹی کے ترجمان پون کھیرا
گجرات کانگریس کے انچارج رگھو شرما اور پارٹی کے ترجمان پون کھیرا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر آئینی اداروں کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے دباؤ میں الیکشن کمیشن نے دونوں ریاستوں میں ایک ساتھ انتخابات کا اعلان نہیں کیا، جبکہ انتخابی نتائج ایک ساتھ آنے والے ہیں۔

کانگریس گجرات کے انچارج رگھو شرما اور پارٹی کے ترجمان پون کھیرا نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اور اسے حکومت کے دباؤ میں کام نہیں کرنا چاہئے۔ گجرات اور ہماچل اسمبلی انتخابات کے نتائج جب ایک ہی دن آنے والے ہیں، لیکن انتخاب کا اعلان ہماچل کے لیے 14 اکتوبر اور گجرات کے لیے آج کیا جاتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہونے کے ناطے بتائے کہ کیا اس نے یہ کام حکومت کے دباؤ میں کیا ہے؟ کمیشن کو ملک کے عوام کو بتانا چاہیے کہ جب انتخابی نتائج ایک ساتھ آنے والے ہیں تو گجرات اور ہماچل میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کے اعلانات کیوں نہیں کیے گئے۔

کانگریس لیڈروں نے کہا کہ گجرات میں 27 سال سے بی جے پی کی حکومت ہے اور اس پر سوال اٹھانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری پورے ملک کے لیے ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ گاندھی کی ریاست میں بڑی مقدار میں شراب کیوں پکڑی جا رہی ہے۔ گجرات میں پانچ لاکھ آسامیاں خالی ہیں اور وہاں 22 امتحانات کے پرچے لیک ہوئے ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں سہولیات نہیں ہیں۔ سڑکیں خستہ حال ہیں۔ کورونا کے وقت لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور حکومت کورونا سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ گجرات میں لوگ بی جے پی سے پریشان ہیں اور ان کے سامنے کانگریس ہی واحد آپشن ہے۔ کانگریس نے وہاں زمین پر کام کیا ہے اور اس کی بنیاد پر وہ دعویٰ کرتی ہے کہ کانگریس وہاں حکومت بنا رہی ہے۔ ان کایہ بھی کہنا تھا کہ عام آدمی پارٹی زمین پر کہیں نہیں ہے۔ گجرات کے لوگ عام آدمی پارٹی کو سمجھتے ہیں اور وہ یہ بھی سمجھ چکے ہیں کہ گجرات میں بی جے پی کی حکومت میں کتنی بدعنوانی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔