تلنگانہ انتخابات:مرکزی الیکشن کمیشن،رعیتو بندھواسکیم کی رقم تقسیم کرنے کی اجازت سے دستبردار
تین دن پہلے کمیشن نے اس کی اجازت دی تھی تاہم کمیشن نے اس کی اجازت واپس لے لی ہے اور اس ماہ کی 30 تاریخ کو پولنگ ختم ہونے تک یہ رقم جمع نہ کرانے کی ہدایت دی ہے۔
مرکزی الیکشن کمیشن (ای سی) نے تلنگانہ انتخابات سے قبل ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے رعیتوبندھواسکیم کی رقم کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کروانے کیلئے دی گئی اجازت سے دستبرداری اختیار کی ہے جس کی اجازت دو دن پہلے کمیشن نے دی تھی۔
اس سلسلہ میں احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انتخابی ادارہ کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایک ریاستی وزیر نے اس اسکیم کے بارے میں کھلے عام اعلان کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔انتخابی ادارہ نے قبل ازیں اپنے احکام میں تلنگانہ حکومت کو ربیع کی فصل کیلئے اس ماہ کی 28 تاریخ سے پہلے رعیتو بندھو اسکیم کی رقم کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کروانے کی اجازت دی تھی تاہم حکومت کو یہ بھی کمیشن نے ہدایت دی تھی کہ اس کی تشہیر نہ کرے کیونکہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ الیکشن کمیشن نے ریاست کے چیف الکٹورل آفیسر کو اپنے فیصلہ سے واقف کروایا۔
ریاستی وزیر صحت ہریش راؤنے ربیع کی فصل کے لئے رعیتوبندھو کی اسکیم کی رقم کی تقسیم کے بارے میں جلسہ میں اعلان کیا تھااورکہا تھا کہ یہ رقم پیر تک تقسیم کردی جائے گی۔پچھلے مہینے، حکومت نے ایک مکتوب کمیشن کو تحریر کرتے ہوئے کسانوں کو دی جانے والی اس امداد کو معمول کے مطابق جاری کرنے کی اجازت دینے کی خواہش کی تھی۔ تین دن پہلے کمیشن نے اس کی اجازت دی تھی تاہم کمیشن نے اس کی اجازت واپس لے لی ۔ الیکشن کمیشن نے اس ماہ کی 30 تاریخ کو پولنگ ختم ہونے تک یہ رقم جمع نہ کرانے کی ہدایت دی ہے۔ ای سی کی جانب سے اجازت نہ دینے کی وجہ سے ریاست کے 70 لاکھ کسانوں کے لیے رعیتو بندھو کی امداد روک دی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔