الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو بھیجا نوٹس، کل صبح 11 بجے تک دینا ہوگا جواب
الیکشن کمیشن کے مطابق ممتا بنرجی نے اپنے بیان کے ذریعہ ضابطہ اخلاق کے ساتھ ہی تعزیرات ہند کی دفعہ 186، 189 اور 505 کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ اگر ممتا نوٹس کا جواب نہیں دیتیں تو کارروائی کی جائے گی۔
مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے تین مراحل گزر چکے ہیں اور اب بھی ریاست میں زبردست اتھل پتھل کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بی جے پی، ترنمول کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران کے ذریعہ سخت کلامی اور بیان بازیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اس درمیان الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہ دوسری مرتبہ ہے جب کمیشن نے ممتا بنرجی کو ان کے بیان کے لیے نوٹس جاری کر جواب مانگا ہے۔ ممتا بنرجی پر انتخابی تشہیر کے دوران سی ایس ایف (سنٹرل سیکورٹی فورسز) اور بی ایس ایف (بارڈر سیکورٹی فورسز) کو لے کر غلط بیان بازی کرنے کا الزام ہے۔ الیکشن کمیشن نے ممتا بنرجی کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے نوٹس کا جواب 10 اپریل کو 11 بجے تک دینے کے لیے کہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اَب ’لنکڈ اِن‘ کے 50 کروڑ صارفین کا ڈاٹا ہوا لیک!
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی نے ماڈل کوڈ کے کئی سیکشن کے ساتھ قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ ممتا بنرجی نے اپنے بیان کے ذریعہ ضابطہ اخلاق کے ساتھ ہی تعزیرات ہند کی دفعہ 186، 189 اور 505 کی خلاف ورزی کی ہے۔ کمیشن کے مطابق اگر ممتا بنرجی نوٹس کا جواب نہیں دیتی ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 28 مارچ اور 7 اپریل کو ممتا بنرجی کے ذریعہ کی گئی تقاریر کا حوالہ دیا جس میں وزیر اعلیٰ نے سنٹرل فورسز پر ووٹروں کو دھمکانے کا الزام عائد کیا اور خواتین کو پیچھے ہٹنے یا سنٹرل فورسز کے ذریعہ ’گھیراؤ‘ کا الزام عائد کیا تھا۔
دوسری طرف ممتا بنرجی الیکشن کمیشن سے نوٹس ملنے کے بعد انتہائی ناراض نظر آ رہی ہیں۔ انھوں نے بی جے پی پر زوردار حملہ کرتے ہوئے اس پر ملک کو فروخت کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ’’آپ نے ملک کو بیچ دیا ہے۔ آپ نے میرے بارے میں جھوٹ بولنے کے لیے قومی میڈیا سے کہا ہے۔ آپ نے میرے خلاف شکایت درج کی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جب انھوں نے ہندو-مسلمانوں کے بارے میں بات کی تو نریندر مودی اور بی جے پی لیڈروں کے خلاف کوئی شکایت کیوں نہیں کی گئی؟ ان کے خلاف کوئی شکایت درج کیوں نہیں کی گئی؟ ممتا بنرجی ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سب کے لیے ہیں۔‘‘
سنٹرل فورسز کے تعلق سے اپنی بات رکھتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’میں سنٹرل فورسز کی عزت کرتی ہوں۔ لیکن میرے پاس ان لوگوں کے کوئی عزت نہیں ہے جو بی جے پی کی کٹھ پتلی ہیں اور ماؤں و بہنوں کو ڈرانے کی کوشش کرتے ہیں، تاکہ وہ بی جے پی کو ووٹ دیں۔‘‘ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ ’’آپ امت شاہ کی بات مت سنیے۔ ہماری بات بھی مت سنیے۔ لیکن اپنا کام ٹھیک سے کیجیے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ممتا بنرجی کے ’مسلم ووٹ کو نہ بنٹنے دیں‘ والے بیان پر کارروائی کرتے ہوئے انھیں نوٹس بھیجا تھا۔ اس نوٹس پر ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کتنے ہی نوٹس بھیج سکتا ہے، لیکن وہ اپنے بیان پر قائم رہیں گی اور مذہب کی بنیاد پر ووٹروں کی تقسیم کی مخالفت کرتی رہیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Apr 2021, 3:40 PM