بی جے پی نے کرناٹک کی انتخابی تاریخوں پر الیکشن کمیشن کو حکم دیا :کھڑگے
کرناٹک کی موجودہ 13ویں اسمبلی کی 5 سال کی مدت 28 مئی کو پوری ہو رہی ہے۔ 2013 کے اسمبلی انتخابات میں کل 224 سیٹوں میں سے کانگریس نے 122 سیٹیں حاصل کی تھیں۔
بی جے پی نے انتخابی تاریخ کے لئے الیکشن کمیشن کو حکم دیا: کھڑگے
کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخ پر بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالوانی کے ٹوئٹ پر ہوئے تنازعہ کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی نے انتخابی تاریخ پر الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے کھرگے نے انتخابی کمیشن پر زور دیا کہ وہ انتخابات سے پہلے اس طرح کی معلومات کے افشا سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ امت مالویہ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان سے پہلے ہی آج صبح گیارہ بجے دن انتخابات کی تاریخوں کی تفصیلات پر ٹوئٹ کیا، اس کا مطلب یہ ہے کہ بی جے پی نے انتخابی کمیشن کو انتخابی تاریخوں کے بارے میں ہدایت دیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی ایسی صورتحال نہیں دیکھی ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی یہ توقع ظاہر کی ہے کہ کمیشن دستور اور قانون کے مطابق کام کرے گا اور کسی بھی معلومات کو لیک ہونے نہیں دے گا۔اسی دوران کانگریس کے ایک اور لیڈر ویرپا موئلی نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے دستوری ادارہ کی توہین کی ہے۔
بی جے پی یہ تاثردینے کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ دستوری ادارہ کی عزت نہیں کرتی۔ کانگریس انتخابات کا سامنا کرنے کو تیار ہے اور ہم بی جے پی کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کریں گے۔
کمزور طبقات ہمیشہ کانگریس کے ساتھ رہے ہیں۔
(یواین آئی)
الیکشن کمشنر راوت یا بی جے پی کے امت مالویہ؟
امت مالویہ کے الیشن کمشنر سے قبل کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے پر سوشل میڈیا پر مسلسل ہنگامہ جاری ہے۔ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ کیا امت مالویہ ہندوستان کے حقیقی چیف الیکشن کمشنر ہیں؟
الیکشن کمیشن سے پہلے بی جے پی نے کیا تاریخ کا اعلان!
کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر رہے الیکشن کمیشن کا کردار ایک بار پھر اس وقت مشکوک نظرآیا جب بی جے پی کی آئی ٹی سیل کے انچارج امت مالویہ نے کمیشن سے پہلے انتخاب کی تاریخ بتا دی۔ بعد میں امت مالویہ نے اس ٹوئٹ کو ڈلیٹ کر دیا۔ الیکشن کمیشن کا اس معاملہ پر کہنا ہے کہ اس معاملہ کی جانچ کرائی جائے گی۔
امت مالویہ نے صبح 11 بج کر 8 منٹ پر ٹوئٹ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ کرناٹک میں 12 مئی کو ووٹنگ ہوگی جبکہ ووٹ شماری 18 مئی کو ہوگی۔ امت نے جس وقت یہ ٹوئٹ کیا اس وقت دہلی میں انتخابی کمیشن کی پریس کانفرنس چل رہی تھی لیکن چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے ابھی تک ووٹنگ اور کاؤنٹنگ کی تاریخیں بتائی بھی نہیں تھیں کہ امت مالویہ نے ٹوئٹ کر کے تاریخوں کا اعلان کر دیا۔
امت مالویہ کے ٹوئٹ کرنے کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا ہو گیا اور لوگ اپنے رد عمل ظاہر کرنے لگے۔ کئی لوگوں نے سوال کیا کہ چیف الیکشن کمشنر او پی راوت ہیں یا امت مالویہ؟ لوگ لوگ یہ کہہ کر بھی اپنے غصہ کا اظہار کر رہے کہ ’’امت مالویہ انتخابات کے نتائج بھی شاید الیکشن کمیشن سے پہلے ہی بتا دیں گے۔ ‘‘حالانکہ کچھ منٹ کے بعد ہی مالویہ نے اپنا ٹوئٹ ڈلیٹ کر دیا۔
12 مئی کو پولنگ، 15 مئی کو کاؤنٹنگ
ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک میں انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پریس کانفرنس کر کے تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ کرناٹک میں 12 مئی کو ووٹنگ ہوگی اور ووٹ شماری کا عمل 15 مئی کو ہوگا۔
225 ارکان پر مشتمل کرناٹک اسمبلی کی 224 سیٹوں پر ایک مرحلہ میں ووٹنگ ہوگی۔ ایک سیٹ پر اینگلو انڈین طبقہ کے رکن کو نامزن کیا جاتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 17 اپریل سے 24 اپریل تک کاغذات نامزدگی داخل کئے جائیں گے۔ بعد ازاں 25 اپریل کو کاغذات نامزدگی کی جانچ کی جائے گی۔ اس کے بعد 27 اپریل تک امیدوار اپنا نام واپس لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کرناٹک میں 4 کروڑ 96 لاکھ ووٹر ہیں۔ 97 فیصد ووٹروں کے فوٹو شناختی کارڈ جاری کر دئے گئے ہیں۔ کرناٹک بھر میں اس دفعہ 56 ہزار پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے۔ 28 مئی سے قبل تمام کارروائیواں پوری کر لی جائیں گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ کرناٹک کی آبادی کے 72 فیصد لوگ ووٹر ہیں۔ چناؤ کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی آج سے کرناٹک میں مثالی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا۔ علاقہ ازیں جب تک الیکشن نہیں ہو جاتے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی رہے گی۔
چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے بتایا کہ اس بار انتخابی اخراجات پر کمیشن کی خاص نظر رہے گی۔ ایک امیدوار انتخاب میں 28 لاکھ روپے سے زائد خرچ نہیں کر پائے گا۔
الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس جاری
کرناٹک اسمبلی انتخابات کے حوالہ سے الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس جاری ہے اور تاریخوں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
- الیکشن کمیشن کے مطابق کرناٹک میں 4 کروڑ 96 لاکھ ووٹر ہیں۔
- 97 فیصد ووٹروں کے فوٹو شناختی کارڈ جاری کر دئے گئے ہیں۔
- کرناٹک بھر میں اس دفعہ 56 ہزار پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے۔
- 28 مئی سے قبل تمام کارروائیواں پوری کر لی جائیں گی۔
کرناٹک اسمبلی انتخاب کا اعلان آج
جنوبی ہندوستانی کی ریاست کرناٹک کے لئے الیکشن کمیشن تاریخوں کا اعلان آج کرنے جا رہا ہے۔ اس حوالہ سے ریاستی انتخابی کمیشن کی پریس کانفرنس کا آغاز ہو چکا ہے۔
کرناٹک کی موجودہ 13ویں اسمبلی کی 5 سال کی مدت 28 مئی کو پوری ہو رہی ہے۔ 2013 کے اسمبلی انتخابات میں کل 224 سیٹوں میں سے کانگریس نے 122 سیٹیں حاصل کی تھیں۔ وہیں بی جے پی کو 40 اور جے ڈی ایس کو 40 سیٹیں حاصل ہوئی تھین۔ بی جے پی سے بغاوت کر کے چناؤ لڑنے والے بی ایس یدی یورپا کی کے جے پی کو 6 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔ حالانکہ بعد میں یدی یو رپا دوبارہ بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ دیگران کو 16 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔