کورونا بحران کی وجہ سے سڑکوں پر کم اور سوشل میڈیا پر زیادہ نظر آئیں عید الفطر کی رونقیں

لوگوں نے فون اورسوشل میڈیا کے دیگر ذرائع سے رشتہ داروں، دوستو اور خیر خواہوں کےساتھ عید کی خوشیاں شیئرکیں اور مبارکباد دی۔

فائل علامتی تصویر
فائل علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

ملک اور دنیا کے کئی حصوں میں جمعہ کے روز جوش وخروش کے ساتھ عید الفطر کا تہوار منایا گیا لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اس خوشی کے موقع پر اپنے گھروں میں ہی رہنے کے لئے مجبورہونا پڑا۔ وبا کی وجہ سے گھر کے باہر عید کی رونقیں کم نظر آئیں جبکہ سوشل میڈیا پوری طرح بھرا ہوا نظر آیا ۔ کسی نے اپنی ویڈیو شئیر کی تو کسی نے خاندان اور دوستوں کے ساتھ زوم میٹنگ کیں اور دور رہتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ عید کی خوشیاں ساجھا کیں ۔ اس موقع پر سوشل میڈیا پر سب گھر والوں نے ایک دوسرے کے کپڑوں پر رائےزنی کی وہیں خواتین نے اپنے ہاتھ سے بنائی ڈشز کی ویڈیو شئیر کیں ۔

دارالحکومت دہلی کی تاریخی جامع مسجد سمیت ملک کی بیشتر مساجد کووڈ 19 کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند رہیں اور لوگوں نے مجبوری میں عیدالفطر کے موقع پر بھی اپنے گھروں میں نمازادا کی۔ لوگوں نے وبا کے پیش نظر سادگی کے ساتھ اورسماجی دوری پرعمل کرتے ہوئے بھائی چارے کایہ تہوار منایا ۔


گھر میں نماز ادا کرنے کے بعد لوگوں نے اہل خانہ اور پڑوسیوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس کے بعد لوگوں نے فون اورسوشل میڈیا کے دیگر ذرائع سے رشتہ داروں، دوستو اور خیر خواہوں کو عید کی خوشیاں شیئرکیں اور مبارکباد دی۔

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کل ٹویٹ کیا ، "تمام وطن والوں کو عید مبارک۔ یہ تہوارباہمی بھائی چارے اور ہم آہنگی کے جذبات کومضبوط کرنے اور خود کوانسانیت کی خدمت کرنے کے لئے پھرسے وقف کرنے کاموقع ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ، "آئیے ہم کوویڈ 19 سے نمٹنے کے لئے تمام ضوابط پر عمل کرنے اور سماج و ملک کی بہتری کے لئے کام کرنے کا عہد کریں۔"


نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے وطن عزیز کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے امن، خوشحالی اور صحت کے لئے دعاکی ہے۔

مسٹر نائیڈو نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کے موقع پر منائی جاتی ہے اور یہ اخوت و یکجہتی کی علامت ہے۔ یہ تہوار زندگی میں ہمدردی، فراخدلی اور سخاوت کے جذبات اور اہمیت کو تقویت دیتا ہے۔


وزیر اعظم نریندر مودی نے عیدالفطر کے موقع پر باشندگان وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے ٹویٹ کرکے کہا، ’’عید الفطر کے مبارک موقع پر نیک خواہشات۔ میں سب کی اچھی صحت اوربھلائی کے لئے دعا گو ہوں۔ ہم متحد ہوکر مشترکہ کوششوں سے عالمی وبا کودورکرسکتے ہیں اورانسانی بھلائی کوآگے بڑھانے کی سمت میں کام کرسکتے ہیں، عید مبارک۔

کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے عید الفطر کے مبارک موقع پر باشندگان وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام لوگوں سے کوروناضوابط پر سختی سے عمل پیرا ہونے اور وبا سے محفوظ رہنے کی اپیل کی ہے۔


محترمہ سونیاگاندھی نے اپنےپیغام میں کہا، "اخوت، قربانی اور جوش وخروش کا یہ تہوار سب کے لئے اچھی صحت، سکھ اور خوشحالی لائے اور ملک میں موجود بیماری، تشویش اور مایوسی کی فضا کاخاتمہ کرے۔" تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر عید گھر پر ہی منائیں اور انفیکشن سے بچاؤ کی تمام ہدایات اور اصولوں پر عمل کرتے ہوئے خود کو اور دوسروں کی حفاظت کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔