عید الفطر پر ملک بھر میں جوش و خروش
شوّال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے۔ مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے سربراہ اور دہلی کی شاہی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری نے ملک کے مختلف علاقوں میں چاند کے نظر آنے کا اعلان کیا۔
شوّال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے۔ مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے سربراہ اور دہلی کی شاہی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری نے ملک کے مختلف علاقوں میں چاند کے نظر آنے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ بدھ کو ملک بھر میں عید الفطر منائی جائے گی۔ سعودی عرب سمیت مشرقِ اوسط کے بیشتر ممالک میں گزشتہ منگل کے روز عید الفطر منائی گئی تھی۔
شوال کے چاند کا اعالن ہوتے ہی دہلی کی مشہور جمعہ مسجد اور مینا بازار میں غضب کی رونقیں نظر آئیں۔ یہاں پوری رات خریداری ہوتی رہی۔ ملک کے مختلف شہروں کے بازاروں کا بھی یہی حال رہا۔ اب ان تمام شہروں میں عید کی نماز کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے عید الفطر کے موقع پر ملک کے شہریوں اور مسلمانوں کو مبارک باد پیش کی۔
آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور ملائشیا میں بھی بدھ کو عید الفطر منائی جائے گی۔ نئے اسلامی مہینے کا آغاز رؤیت ہلال کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اور اسلامی کیلنڈر کا ہر مہینہ 29 یا 30 دن کا ہوتا ہے۔ چاند کی حرکت اور ایام میں اس رد وبدل کی بنا پر اسلامی مہینے کا آغاز کسی خاص تاریخ یا دن کو نہیں ہوتا بلکہ ہر سال اسلامی مہینے کے ایام تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔
چاند کی رؤیت کے اعلان کے لیے دو معتبر شہادتیں ہونا ضروری ہیں اور ان کی شہادتوں کے بعد نئے قمری مہینے کے آغاز کا اعلان کیا جاتا ہے۔نیز ہر اسلامی ملک میں چاند کی رؤیت وقت کے فرق کی وجہ سے مختلف ہوسکتی ہے اور ان کے ہاں نئے قمری مہینے کا چاند دیکھنے کے لیے علماء پر مشتمل بورڈ قائم ہیں اور جدید رصدگاہیں بھی ان کی معاونت کرتی ہیں۔
جغرافیائی فرق کی وجہ سے مختلف ممالک میں مختلف دنوں میں نئے اسلامی مہینے کا آغاز ہوسکتا ہے۔اسی لیے دنیا کے مختلف ممالک میں عید مختلف دنوں میں منائی جاتی ہے۔قرآن مجید میں بیان کردہ تعلیمات اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور روایت کے مطابق ہلال کی رؤیت پر رمضان المبارک کا آغاز کیا جاتا ہے اور پھر 29 یا 30 روزے پورے ہونے اور شوال کا چاند نظر آنے پر عید الفطر منائی جاتی ہے۔بالعموم تمام اسلامی ممالک میں سرکاری رؤیت ہلال کمیٹیاں یا سینیر علماء پر مشتمل بورڈ ٹھوس اور معتبر شہادتوں کی بنیاد پر نیا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Jun 2019, 6:36 AM