پورے ہندوستان میں بھائی چارہ اور جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی عید

دہلی میں تاریخی جامع مسجد میں شاہی امام نے نماز ادا کرائی۔ اس کے علاوہ مسجدوں میں نماز ادا کرنے کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: قربانی کی علامت عیدالاضحی کا تہوار پیر کو جموں کشمیر دہلی سمیت پورے ملک میں بھائی چارہ اور جوش و خروش کے ساتھ روایتی طریقہ سے منایا گیا۔ عیدالاضحی کے موقع پر پورے ملک میں مختلف مسجدوں میں نماز کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔ غیرمسلم لوگوں نے بھی مسلمان بھائیوں سے گلے لگ کر مبارکباد دی۔ صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ونکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی، کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم لیڈروں نے اہل وطن کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی۔

جموں۔کشمیر میں عیدالاضحی کا تہوار روایتی جوش وخرو ش کے ماحول میں منایا گیا۔ جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والا آرٹیکل 370 کو ہٹائے جانے کے بعد یہ پہلا تہوار تھا، جس کے پیش نظر انتطامیہ نے ہر طرح کی احتیاط برتی۔ انتظامیہ کی طرف سے مختلف عیدگاہوں اور مسجدوں پر نماز کے وقت کے لئے پہلے پروگرام جاری کیا گیا تھا۔ سری نگر میں لال چوک، تاریخی جامع مسجد اور آس پاس کی مسجدوں میں عید کی نماز ادا کی گئی۔ جموں میں عید کی نماز ریزیڈنسی روڈ پر واقع عیدگاہ میں ادا کی گئی جہاں شہر کے مختلف حصوں سے آئے ہزاروں مسلمانوں نے صبح نماز ادا کی۔ پولس اور انتظامیہ کے حکام بھی کئی مقامات پر نماز ادا کرنے کے بعد مسلم برادری کے لوگوں کو عیدکی مبارکباد دیتے نظر آئے۔


اس موقع پر بیکری، گوشت اور مٹھائی کی دکانوں پر خریداروں کی کافی بھیڑ دیکھی گئی۔ اس درمیان ریاست کے راجوری اور پونچھ میں موبائل فون کنیکٹیوٹی بحال کی گئی جس سے مقامی لوگ ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے سکیں۔ وادی کے دیگر حصوں میں پرامن طریقہ سے تہوار منائے جانے کی رپورٹیں ہیں۔

دہلی میں تاریخی جامع مسجد میں شاہی امام نے نماز ادا کرائی۔ اس کے علاوہ مسجدوں میں نماز ادا کرنے کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش سمیت پورے شمال مغربی علاقہ میں آج عیدالاضحی کے موقع پر بڑی تعداد میں مسلم برادری کے بچے، بزرگ اور نوجوانوں نے نماز ادا کی اور ملک میں امن و بھائی چارہ کی دعا مانگی۔ پنجا ب کے گورنر بی پی بدنور، وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ، ہریانہ کے وزیراعلی منوہر کھٹر، ہماچل پردیش کے وزیراعلی جے رام ٹھاکر نے مسلم بہن بھائیوں کو عیدکی مبارکباد دی۔ مسلمان بھائی نے صبح سویرے اپنے علاقوں کی عیدگاہ اور مسجدوں میں عیدکی نماز ادا کی۔

اتراکھنڈ میں بارش کے درمیان مسلمان بھائیوں نے پورے جوش و خروش کے ساتھ عید کا تہوار منایا۔ دہرہ دورن، ہری دوار، پوڑی، چمولی، ردرپریاگ، الموڑہ، نینی تال اور ادھم سنگھ ڈویزن میں واقع عیدگاہ میں عید کی نماز ادا کرنے جارہے تھے، اسی وقت بیشتر مقامات پر بارش ہو رہی تھی۔ اس وجہ سے عیدگاہ میں نمازیوں کو پہنچنے میں پریشانی ہوئی اور اس وجہ سے نمازیوں کو مجبوراََ اپنے گھروں یا آس پاس کی مسجدوں میں نماز ادا کرنی پڑی۔


راجستھان میں خواجہ معین حسن چشتی کے شہر اجمیر میں عقیدت مندوں میں خصوصی نماز ادا کرکے ملک میں امن و امان، خوشحالی، بھائی چارہ اور ترقی کی دعا کی لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی۔ خواجہ صاحب کی درگاہ میں واقع مختلف مسجدوں کے علاوہ کچہری مسجد، مسجد گھنٹا گھر، صندلی مسجد، شاہ جہانی مسجد، راتی ڈانگ عیدگاہ، صوفی مسجد سومل پور میں بھی نماز ادا کی گئی۔

اترپردیش میں راجدھانی لکھنو سمیت تمام مقامات پر سیکورٹی انتظامات کے درمیان عیدالاضحی کی نماز ادا کی گئی اور ملک میں امن اور بھائی چارہ کی دعا مانگی گئی۔ لکھنو میں عیدالاضحی کے موقع پر سب سے زیادہ نمازی عیش باغ عیدگاہ، آصفی مسجد اور ٹیلے والی مسجد میں پہنچے جبکہ شاہ نجف، امام باڑہ میں شیعہ سنی فرقہ نے ایک ساتھ نماز ادا کر کے اتحاد اور بھائی چارہ کا پیغام دیا۔ نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر عید کی مبارکباد دی۔ گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھیلیش یادو، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمو مایاوتی، راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے ریاستی صدر مسعود احمد اور کانگریس کے ریاستی صدر راج ببر نے مسلم بھائیوں کو عید کی مبارکباد دی۔


مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں اندراگاندھی سارنی (ریڈ روڈ) پر ہزاروں کی تعداد میں مسلمان جمع ہوئے۔ وہ یہاں کلاپت کمیٹی کی طرف سے منعقدہ نماز میں شامل ہوئے۔ مسجد نکہوڑا میں بھی نماز ادا کی گئی۔ وزیراعلی ممتا بنرجی نے پوری ریاست کے لوگوں کو عیدلاضحی کی مبارکباد دی۔

مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں عیدالاضحی کا تہوار امن اور بھائی چارہ کے ساتھ روایتی طریقہ سے منایا گیا۔ یہاں عیدگاہ پر شہر قاضی مولانا سید مشتاق علی ندوی نے عید کی نماز پڑھائی اور ملک میں امن و سکون کی دعا مانگی۔ بعد میں لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر مبارکباد دی۔ عیدگاہ، جامع مسجد، تاج المسجد، موتی مسجد سمیت شہر کی 100سے بھی زیادہ مسجدوں میں عید کی نماز ادا کی گئی۔ ریاست میں اندور، گوالیار اور جبلپور سمیت تمام شہروں میں عیدالاضح منائے جانے کی رپورٹیں ہیں۔


ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی عیدالاضحی کا تہوار ہنسی خوشی اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔