راجستھان کے 12 اضلاع میں گردابی طوفان ’بپرجوئے‘ کا نظر آئے گا اثر، آئندہ 2 دن کے لیے زوردار بارش کا الرٹ
ماہرین کے مطابق راجستھان میں پہنچتے پہنچتے اس گردابی طوفان کی ہوا کی رفتار بھی کم ہو جائے گی، لیکن نمی کی سطح زیادہ ہونے کے سبب دو دنوں تک کئی مقامات پر زوردار بارش ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی سائنس سنٹر نے منگل کے روز بتایا کہ گردابی طوفان ’بپرجوئے‘ کا اثر راجستھان میں 15 جون سے دکھائی دے گا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گردابی طوفان کا اثر 12 ضلعوں میں دیکھا جائے گا۔ اس نے اس سلسلے میں الرٹ جاری کیا ہے۔ گردابی طوفان کی رفتار کو دیکھتے ہوئے ریلوے نے راجستھان سے گجرات کے پوربندر، بھج، اوکھا اور گاندھی دھام جانے والی ایک درجن سے زیادہ ٹرینوں کو عارضی یا مکمل طور سے رد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مہاراشٹر: آپریشن لوٹس کا سائڈ ایفکٹ!
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ گردابی طوفان بدھ کی شام یا جمعرات یعنی 15 جون کی صبح گجرات اور پاکستان کے ساحلوں سے ٹکرائے گا۔ ساحل سے ٹکرانے کے بعد گردابی طوفان گجرات کے کچھ حصوں پر گہرے دباؤ اور راجستھان کے جنوب مغربی حصوں پر ایک کم دباؤ کے علاقے میں بدل جائے گا۔ اس کے اثر سے ان علاقوں میں ایک دو دن تیز بارش ہوگی۔ راجستھان میں اس گردابی طوفان سے نقصان کا اندیشہ بے حد کم ہے۔
ماہرین کے مطابق راجستھان میں پہنچتے پہنچتے اس گردابی طوفان کی ہوا کی رفتار بھی کم ہو جائے گی۔ لیکن نمی کی سطح زیادہ ہونے کے سبب دو دنوں تک کئی مقامات پر تیز بارش (60 سے 100 ایم ایم تک) ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی سائنس سنٹر جئے پور کے ڈائریکٹر رادھے شیام شرما نے بتایا کہ 15 جون کو اس سسٹم کے اثر سے آندھی اور بارش کی سرگرمیاں دوپہر بعد ہی شروع ہوں گی۔ 16 جون کو جودھپور اور ادے پور ڈویژن کے ضلعوں میں کہیں کہیں زوردار بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ اس دوران جنوب مغربی راجستھان میں 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ 17 جون کو بھی اس سسٹم کا اثر جودھپور، ادے پور اور اجمیر ڈویژن کے کچھ حصوں میں تیز بارش کی شکل میں دیکھنے کو ملے گا۔ اس گردابی طوفان کا اثر بانسواڑا، ڈونگرپور، ادے پور، سروہی، جالور، باڑمیر، جیسلمیر، پالی، جودھپور، پرتاپ گڑھ، راج سمند، چتوڑگڑھ ضلعوں میں دیکھا جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے ان ضلعوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔