اربوں روپے کا چونا لگانے والی ایل یو سی سی کمپنی پر ای ڈی کا شکنجہ سخت، املاک کی جانچ شروع
للت پور پولیس نے فرار چل رہے ڈائرکٹر سمیر اگروال پر 50 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ آٹھ ریاستوں کے ہزاروں سرمایہ کاروں کا اربوں روپیہ غبن کرنے کا الزام ہے۔
یوپی کے للت پور میں آٹھ ریاستوں کے ہزاروں سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا چونا لگا کر فرار ہوئی چٹ فنڈ کمپنی ایل یو سی سی پر ای ڈی نے اپنا شکنجہ مضبوط کر لیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے سات دن قبل اس معاملے میں ایف آئی درج کی تھی اور ملکیت کا پتہ لگا رہی تھی۔ وہیں دوسری طرف للت پور پولیس نے کچھ وقت پہلے ہی فرار چل رہے ڈائرکٹر سمیر اگروال پر 50 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
اس کمپنی نے پہلا دفتر للت پور میں کھولا تھا۔ اس کے بعد سرمایہ کاروں کو کم وقت میں دو گنی رقم کرنے اور کئی دیگر دلکش اسکیم دکھا کر روپے جمع کرانے شروع کر دیے تھے۔ کچھ وقت بعد ہی کمپنی کے ڈائرکٹر سمیر اگروال نے مدھیہ پردیش، بہار، راجستھان سمیت 8 ریاستوں میں کئی شاخ کھول ڈالے۔ دبئی تک میں اس کمپنی نے کاروبار کرنا شروع کر دیا تھا۔ جب لوگوں کو ان کے روپے واپس نہیں ملے تو ہنگامہ شروع ہو گیا۔
معاملہ طول پکڑنے کے بعد ڈی آئی جی جھانسی کے حکم پر ایس آئی ٹی کی تشکیل کر دی گئی تھی۔ اس کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 6 لوگوں کو پکڑا گیا تھا لیکن سمیر اور اس کا قریبی اب بھی فرار ہے۔
کمپنی کے ذریعہ بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ای ڈی نے بھی اپنے یہاں مقدمہ درج کرلیا تھا۔ ای ڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جانچ کی جا رہی ہے۔ جلد ہی اس سلسلے میں جیل میں بند ملزمین سے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سمیر اور کمپنی کے نام کی املاک کی تفصیل بھی جمع کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔