مشہور یوٹیوبر ایلوش یادو اور گلوکار فاضلپوریا کے خلاف ای ڈی نے کی سخت کارروائی، جائیداد اٹیچ
ای ڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ ایلوش یادو نے مبینہ طور پر جرم سے حاصل آمدنی اور ریو پارٹیوں کے انعقاد کے لیے ناجائز دولت کے استعمال میں راہل فاضلپوریہ کی مدد لی تھی۔
کئی طرح کے تنازعات کا شکار رہ چکے مشہور یوٹیوبر ایلوش یادو اور گلوکار فاضلپوریا کے خلاف آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے ان کی جائیداد کو اٹیچ کر دیا ہے۔ ای ڈی نے یوپی اور ہریانہ میں موجود جائیدادوں کو اٹیچ کیا ہے اور اس سے قبل ایلوش یادو کے ساتھ ساتھ فاضلپوریا کے بیان بھی درج کیے۔ طویل پوچھ تاچھ کے بعد دونوں کی جائیدادوں کو اٹیچ کیا گیا ہے اور ان قیمت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سانپوں کے زہر کی خرید و فروخت معاملے میں ایلوش یادو کو نوئیڈا پولیس نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد ای ڈی نے اس کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کای تھا۔ اس سے قبل ہریانوی گلوکار راہل یادو عرف راہل فاضلپوریا اور ایلوش یادو سے ای ڈی کے افسران نے طویل پوچھ تاچھ کی تھی۔ یوٹیوبر اور بگ باس او ٹی ٹی سیزن 2 کے فاتح ایلوش یادو اور راہل فاضلپوریا آپس میں دوست ہیں۔
ای ڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ ایلوش یادو نے مبینہ طور پر جرم سے حاصل آمدنی اور ریو پارٹیوں کے انعقاد کے لیے ناجائز دولت کے استعمال میں راہل فاضلپوریا کی مدد لی تھی۔ ای ڈی نے ریو پارٹی معاملے میں ایلوش یادو کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ بھی درج کیا تھا جہاں مبینہ طور پر سانپ کا زہر پیش کیا گیا تھا۔
ای ڈی نے کچھ ماہ قبل اتر پردیش کے نوئیڈا میں ایلوش یادو کے خلاف درج ایک ایف آئی آر پر از خود نوٹس لیا تھا اور ان کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔ ای ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلوش کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ ان کے ذریعہ حاصل جائیدادوں کی بھی جانچ کی گئی ہے۔ اس کے بعد ہی ان کی جائیداد اٹیچ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی گروگرام پولیس نے راہل فاضلپوریا اور ایلوش یادو پر ایک میوزک ویڈیو میں نایاب نسل کے سانپوں اور پوائنٹ 32 بور کی پستول کا مبینہ طور پر استعمال کرنے کا معاملہ درج کیا تھا۔
پوچھ تاچھ کے دوران ایلوش نے اعتراف کیا تھا کہ میوزک ویڈیو کے لیے راہل فاضلپوریا سانپوں کا انتظام کرتا تھا اور اس کی ہی ویڈیو شوٹ کرتا تھا۔ اس کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخاب 2024 میں ہریانہ کی جن نایک جنتا پارٹی نے گروگرام سے راہل کو امیدوار بنایا تھا، لیکن وہ بی جے پی کے راؤ اندرجیت سنگھ سے شکست کھا گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔