ای ڈی نے غیر قانونی کانکنی معاملہ میں وزیر اعلیٰ سورین کو بھیجا سمن، 1000 کروڑ روپے کے گھوٹالہ کا الزام
غیر قانونی کانکنی معاملے میں ای ڈی وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے 18 نومبر 2022 کو پوچھ تاچھ کر چکی ہے، اس وقت سورین سے تقریباً 10 گھنٹے کی پوچھ تاچھ ہوئی تھی۔
جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انھیں غیر قانونی کانکنی کے ایک معاملے میں پوچھ تاچھ کے لیے سمن بھیجا ہے۔ دراصل وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین پر تقریباً 1000 کروڑ روپے کے کانکنی گھوٹالہ کا الزام ہے۔ سورین کے قریبی پنکج مشرا کو ای ڈی پہلے ہی اس کیس میں گرفتار کر چکی ہے۔ ای ڈی اس معاملے میں وزیر اعلیٰ سورین سے 18 نومبر 2022 کو پوچھ تاچھ کر چکی ہے، لیکن اب مزید پوچھ تاچھ کے لیے انھیں سمن بھیجا گیا ہے۔ 18 نومبر 2022 کو ہیمنت سورین سے تقریباً 10 گھنٹے کی پوچھ تاچھ ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ ای ڈی نے ہیمنت سورین کے قریبی اور برہیٹ اسمبلی حلقہ سے ان کے رکن اسمبلی نمائندہ پنکج مشرا کو جولائی 2022 کو گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے میں ان کے اور دو دیگر لوگوں کے خلاف استغاثہ شکایت (چارج شیٹ کے برابر) داخل کی۔ ستمبر 2022 میں ایجنسی نے رانچی کی ایک خصوصی عدالت کو مطلع کیا کہ اس نے جھارکھنڈ کے صاحب گنج ضلع اور آس پاس کے علاقوں میں 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کے پتھروں کی ناجائز کانکنی کا پتہ لگایا ہے، اور یہ سبھی پنکج مشرا کے کنٹرول میں ہیں۔
ای ڈی نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ پنکج مشرا نے کرشرز نصب کیے جانے کے عمل کو بھی کنٹرول کیا اور تقریباً سبھی کانوں اور سامانوں کے ٹرانسپورٹیشن میں یقینی حصہ داری تھی۔ جانچ ایجنسی نے تین لوگوں کو اس معاملے میں ملزم بنایا ہے۔ پنکج مشرا، ان کے ساتھی بچو یادو اور پریم پرکاش پر الزام ہے کہ انھوں نے مبینہ طور پر غیر قانونی کانکنی کے ذریعہ سے نفع حاصل کیا۔
ای ڈی کی شکایت میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سابق خزانچی روی کیجریوال کے بیان کا حوالہ دیا گیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ایک بار ایک میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے پنکج مشرا کو سنتھال پرگنہ میں پتھر اور ریت کی کھدائی سے حاصل ہونے والی رقم کو سیدھے پریم پرکاش کو سونپنے کی ہدایت دی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔