دیویندر فڈنویس کے خلاف مہم چلانے والے وکیل ستیش اوکے کی رہائش پر ای ڈی نے مارا چھاپہ

سی آر پی ایف کے ساتھ ای ڈی کی ٹیم صبح تقریباً 5 بجے پاروتی نگر میں وکیل ستیش اوکے اور ان کے بھائی پردیپ اوکے کی رہائش گاہ پر پہنچی اور تلاشی شروع کی۔

علامتی تصویر آئی اے این ایس
علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ناگپور: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو ہائی پروفائل وکیل ستیش اوکے کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، جو مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کے خلاف مہم چلانے کے لیے مشہور ہیں۔ سی آر پی ایف کے ساتھ ای ڈی کی ٹیم صبح تقریباً 5 بجے پاروتی نگر میں وکیل اور ان کے بھائی پردیپ اوکے کی رہائش گاہ پر پہنچی اور تلاشی شروع کی۔

پچھلے ہفتے، فون ٹیپنگ کیس میں آئی پی ایس آفیسر رشمی شکلا کے خلاف دائر 500 کروڑ روپے کے ہتک عزت کیس میں ستیش اوکے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کے وکیل کے طور پر پیش ہوئے تھے۔ تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ مرکزی ایجنسی کسی خاص معاملے کے لیے ہائی پروفائل وکیل کی تحقیقات کر رہی ہے، حالانکہ ایک جائیداد کے لین دین کے معاملے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں جو مبینہ طور پر ای ڈی کے نشانے پر ہیں۔


ممبئی میں شیوسینا کے چیف ترجمان اور ایم پی سنجے راوت نے ای ڈی کے چھاپے کی مذمت کی ہے اور کہا کہ چونکہ وہ ریاستی کانگریس پارٹی کے سربراہ کے وکیل ہیں، اس لیے اگر نانا پٹولے کے یہاں چھاپہ مارا جائے تو حیرت کی بات نہیں ہوگی۔ سنجے راوت نے کہا کہ کس طرح مرکز اور بی جے پی خاص طور پر مہاراشٹر میں حکومت کو گرانے کی کوششوں میں مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

سنجے راوت نے کہا کہ "ایک عجیب صورتحال دیکھی جا رہی ہے جس میں معلومات اور ثبوت دینے والوں کو سزا دی جا رہی ہے جبکہ قصوروار فرار ہیں۔ میرے معاملے میں، ای ڈی کے خلاف میری شکایت کے باوجود پی ایم او کی طرف سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔