ای ڈی نے کے کویتا کو کیا گرفتار، بی آر ایس کا سیاسی و قانونی جنگ لڑنے کا اعلان

بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) نے ای ڈی کے ذریعے کے کویتا کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اور اس کے خلاف سیاسی و قانونی جنگ لڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>کے کویتا / آئی اے این ایس</p></div>

کے کویتا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

حیدرآباد: دہلی کے مبینہ شراب پالیسی گھوٹالے کے سلسلے میں ای ڈی نے گزشتہ روز تلنگانہ کے سابق وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی کے کویتا کو گرفتار کر لیا۔ کویتا کی ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ ان کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور فوری سماعت کا مطالبہ کیا جائے گا۔

دریں اثنا، بی آر ایس (بھارت راشٹر سمیتی) نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے کویتا کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی نے اس معاملے پر سیاسی اور قانونی جنگ لڑنے کا عزم ظاہر کیا۔ بی آر ایس لیڈر اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ اس گرفتاری کو چیلنج کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔


پارٹی نے گرفتاری کے خلاف آج تلنگانہ کے تمام حلقوں کے ہیڈکوارٹرس پر احتجاج کی کال دی ہے۔ ہریش راؤ نے کویتا کی گرفتاری کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس کے امکانات کو نقصان پہنچانے کی سیاسی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کے اعلان سے ایک دن پہلے منصوبہ بند گرفتاری ظاہر کرتی ہے کہ اس کا مقصد بی آر ایس کے کارکنان کا حوصلہ پست کرنا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے تلنگانہ کے لئے اپنی 14 سالہ طویل لڑائی میں اس طرح کی بہت سی غیر قانونی گرفتاریاں دیکھی ہیں اور پارٹی سیاسی اور قانونی طور پر اس کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے، ہم وکلاء سے مشورہ لیں گے اور سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔


ہریش راؤ نے کہا کہ ای ڈی نے سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران کہا تھا کہ وہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کے لیے 19 مارچ کی تاریخ مقرر کی تھی۔ اس نے پوچھا، ’ای ڈی کو کیا جلدی تھی؟‘ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا ای ڈی خواتین کو گرفتار کر سکتی ہے؟

انہوں نے کہا، "ایک خاتون کو شام 6.30 بجے کے بعد اور وہ بھی جمعہ کو لوک سبھا انتخابات سے پہلے، ایک واضح سیاسی سازش ہے۔ یہ سیاسی انتقام ہے۔‘‘ انہوں نے یاد دلایا کہ کویتا کو کیس میں گواہ کے طور پر نوٹس دیا گیا تھا لیکن اب انہیں ملزم کے طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ ای ڈی ڈیڑھ سال سے کیا کر رہی تھی؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔