بہار میں فلور ٹیسٹ سے پہلے آر جے ڈی لیڈروں پر ای ڈی اور سی بی آئی کے چھاپے

مرکزی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی اور ای ڈی نے بہار اور جھارکھنڈ میں چھاپے مارے ہیں۔ سی بی آئی نے بہار میں زمین کے عوض نوکری معاملے میں پٹنہ میں آر جے ڈی ایم ایل سی سنیل سنگھ کے مقام پر چھاپہ مارا ہے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: نتیش کمار کی قیادت والی عظمی اتحاد کی حکومت کے فلور ٹیسٹ کا سامنا کرنے سے قبل مرکزی تفتیشی ایجنسیوں نے بہار میں چھاپہ ماری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بہار کے زمین کے عوض نوکری معاملہ میں سی بی آئی نے آر جے ڈی کے رکن اسمبلی سنیل سنگھ اور راجیہ سبھا کے رکن اشفاق کریم کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جھارکھنڈ میں بھی چھاپہ ماری کی گئی ہے۔

چھاپہ ماری پر آر جے ڈی کے رکن اسمبلی سنیل سنگھ نے کہا، یہ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے۔ اس کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ وہ یہ سوچ کر تفتیشی ایجنسیوں کا استعمال کر رہے ہیں کہ ایم ایل اے ان کے حق میں آ جائیں گے!

دریں اثنا، ای ڈی کی جانب سے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ای ڈی نے جھارکھنڈ، تمل ناڈو، بہار اور دہلی میں 17 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ای ڈی نے یہ کارروائی غیر قانونی کانکنی اور بھتہ خوری کے معاملے میں کی ہے۔ یہ چھاپے پریم پرکاش سے متعلق مقامات پر بتائے جا رہے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ پریم پرکاش کے سیاست دانوں سے گہرے تعلقات ہیں۔ ای ڈی نے یہ کارروائی جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی پارٹی کے رکن اسمبلی کے نمائندے پنکج مشرا سے پوچھ گچھ کے بعد کی ہے۔


خیال رہے کہ بہار میں سی بی آئی جس بھرتی گھوٹالہ (زمین کے عوض نوکری) کی تفتیش کر رہی ہے وہ اس وقت کا ہے جب لالو یادو کے ریلوے کے وزیر ہوا اکرتے تھے۔ الزام ہے کہ متعدد افراد سے نوکری کے عوض زمین وصول کر لی گئی۔ اس معاملے میں تحقیقات کے بعد سی بی آئی نے لالو یادو، رابڑی دیوی، میسا بھارتی، ہیما یادو اور کچھ ایسے امیدواروں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جنہیں پلاٹ یا جائیداد کے بدلے نوکریاں دی گئیں۔

اس سے پہلے مئی میں سی بی آئی نے اس معاملے میں لالو یادو سے متعلق 17 مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ سی بی آئی کی یہ کارروائی تقریباً 14 گھنٹے تک جاری رہی تھی۔ یہ چھاپے لالو یادو، ان کی بیوی رابڑی دیوی اور بیٹی میسا بھارتی کے پٹنہ، گوپال گنج اور دہلی کے مقامات پر مارے گئے تھے۔


اس معاملے میں جولائی میں سی بی آئی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لالو یادو کے سابق او ایس ڈی بھولا یادو کو گرفتار کیا تھا۔ اس دوران سی بی آئی نے بہار کے پٹنہ اور دربھنگہ میں بھی چار مقامات پر چھاپے مارے۔ بھولا یادو 2004 سے 2009 تک لالو یادو کے او ایس ڈی تھے۔ الزام ہے کہ بھولا یادو اس گھوٹالے کا مبینہ سرغنہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔