کپڑے ہٹا کر مسلمانوں کی شناخت والے بیان پر ای سی سخت، صدر کیرالہ بی جے پی کو نوٹس جاری
کیرالہ بی جے پی کے صدر پی ایس شری دھرن پلئی کے ایک انتخابی ریلی کے دوران بالا کوٹ فضائی کارروائی اور مسلمانوں سے متعلق کئے گئے متنازعہ تبصرے کے سلسلے میں انتخابی کمیشن نے انہیں نوٹس جاری کر دیا ہے۔
ترووننتپورم: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) کی کیرالہ اکائی کے صدر پی ایس شری دھرن پلئی کے ذریعہ اٹنگل لوک سبھا علاقے میں ایک انتخابی ریلی کے دوران بالا کوٹ فضائی کارروائی سے متعلق کئےگئے متنازعہ تبصرے کے سلسلے میں انتخابی کمیشن نے انہیں نوٹس جاری کیا ہے۔
پلئی نے الزام لگایا ہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی ،مارکسی کمیونسٹ پارٹی لیڈر سیتارام یچوری اور کیرالہ کے وزیراعلی پنارائی وجین نے بالا کوٹ فضائی کارروائی کی تردید کرتے ہوئے اس میں ہلاک شدگان کی ذات اور مذہب کی شناخت کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بی جے پی لیڈر نے اٹنگل میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپنی متنازعہ تقریر میں کہا ’’ان ہلاک شدگان (مبینہ دہشت گردوں) کی کچھ پہچان ہے، جن کی شناخت ان کے کپڑوں کو ہٹاکر کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا ،’’اگروہ اسلام سے تعلق رکھتے ہیں تو ان کی پہچان کے کچھ نشانات ہوں گے۔ ایسی جانچ ان کے کپڑوں کو ہٹایا ہوسکتی ہے۔‘‘
سی پی ایم لیڈر وی شیون کٹی نے پولس میں درج اپنی شکایت میں کہا کہ پلئی کے تبصرے سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے۔ پولس نے شکایت کی بنیاد پر غیر ضمانتی کیس بھی درج کیاہے۔ ریاستی انتخابی افسر نے بی جےپی لیڈر کے تبصرے کےسلسلے میں چیف الیکشن کمشنر کو رپورٹ بھیجی تھی،جس کے بعد پلئی کو نوٹس جاری کیاگیاہے۔
بی جےپی ذرائع نے بتایا کہ انتخابی کمیشن نے پلئی کو جمعرات کو نوٹس جاری کیا اور نوٹس پر عمل کےلئے 24 گھنٹے کے اندر جواب مانگا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔