میزورم میں 64 گھنٹے کے اندر چوتھی بار آیا زلزلہ، دہشت میں گھروں سے باہر نکلے لوگ
میزورم میں بدھ کی صبح ایک بار پھر زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔ گزشتہ چار دنوں میں یہ چوتھا موقع ہے جب یہاں کی زمین ڈولی ہے۔ آج ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 4.1 درج کی گئی۔
میزورم میں یکے بعد دیگرے کئی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اس بار ریکٹر اسکیل پر شدت 4.1 رہی۔ گزشتہ چار دنوں میں یہ چوتھی بار ہے جب لوگوں نے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے۔ نیشنل سنٹر فار سیسمولوجی کے مطابق میزورم میں چمفائی سے 31 کلو میٹر جنوب میں بدھ کی صبح 8.02 منٹ پر زلزلہ آیا۔ اس سے پہلے میزورم میں اتوار، پیر، منگل کو بھی زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا جا چکا ہے۔ لگاتار آ رہے زلزلہ کے جھٹکوں سے لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔
اس سے قبل میزورم میں منگل رات بھی زلزلہ آیا تھا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.7 درج کی گئی تھی۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسران کے مطابق زلزلہ کے سبب کسی جان و مال کا نقصان نہیں ہوا ہے۔ اس سے قبل پیر کو مشرقی میزورم کے چمفائی علاقے میں اور میانمار سے ملحق دیگر شمال مشرق کی ریاستوں میں 5.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ اس زلزلہ میں کچھ عمارتوں اور اہم اداروں سمیت 31 ڈھانچوں کو نقصان پہنچا تھا۔
اتوار کی دوپہر تقریباً سوا چار بجے بھی 5.1 شدت کا زلزلہ ریاست میں آیا تھا۔ زلزلہ کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ساتھ ڈی او این ای آر وزیر جتیندر سنگھ نے میزورم کے وزیر اعلیٰ جورامتھانگا سے بات کی تھی اور امداد کی پیشکش بھی کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔