دہلی-این سی آر میں پھر آیا زلزلہ، ریکٹر پیمانہ پر شدت 3.6 درج، اتر پردیش کے مظفر نگر میں تھا زلزلہ کا مرکز
آج نہ صرف دہلی-این سی آر، ہریانہ اور اتر پردیش میں جھٹکے محسوس کیے گئے بلکہ نیپال میں بھی زلزلہ آیا، نیپال میں دوپہر 1.30 بجے زلزلہ محسوس کیا گیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 درج کی گئی ہے۔
دہلی-این سی آر، اتر پردیش اور مغربی ہریانہ کے کئی علاقوں میں ہلکی شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا ہے۔ ریکٹر پیمانہ پر زلزلہ کی شدت 3.6 بتائی جا رہی ہے اور اس زلزلہ کا مرکز اتر پردیش کے مظفر نگر میں ہونے کی بات سامنے آ رہی ہے۔ ترکیے و شام میں رواں ماہ کے شروع میں آئے تباہناک زلزلہ، اور پھر اس کے بعد بھی کئی ممالک میں زلزلوں کے جھٹکوں نے پہلے ہی لوگوں کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ایسے میں ہندوستان کی راجدھانی دہلی، اتر پردیش اور ہریانہ میں تازہ زلزلہ کے بعد لوگوں میں خوف دیکھنے کو مل رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آج نہ صرف دہلی-این سی آر، ہریانہ اور اتر پردیش میں جھٹکے محسوس کیے گئے بلکہ نیپال میں بھی زلزلہ آیا۔ نیپال کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہاں دوپہر 1.30 بجے زلزلہ محسوس کیا گیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 درج کی گئی ہے۔ نیپال میں محسوس کیے گئے زلزلہ کا مرکز اتراکھنڈ کے پتھوراگڑھ سے 143 کلومیٹر مشرق میں تھا۔ اس کی گہرائی زمین سے 10 کلومیٹر نیچے تھی۔
واضح رہے کہ نیپال میں گزشتہ کچھ مہینوں سے لگاتار زلزلے آ رہے ہیں۔ اس سے پہلے 24 جنوری کو نیپال میں 5.8 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال نومبر میں بھی نیپال میں 6.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ لگاتار آ رہے ان زلزلوں سے نیپالی عوام دہشت کے درمیان زندگی گزار رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔