جموں و کشمیر اور لداخ میں زلزلہ، چند منٹوں کے اندر 4 جھٹکوں سے عوام خوفزدہ
جموں و کشمیر اور لداخ میں پہلا جھٹکا تقریباً 3.48 بجے محسوس کیا گیا جس کی شدت ریکٹر پیمانے پر 5.5 تھی، اس کے بعد آفٹر شاک کی شکل میں 3 مزید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
جموں و کشمیر اور لداخ میں زلزلہ کے یکے بعد دیگرے 4 جھٹکوں نے عوام میں خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ پیر کے روز جموں و کشمیر اور لداخ میں پہلا جھٹکا تقریباً 3.48 بجے محسوس کیا گیا جس کا مرکز کارگل میں 10 کلومیٹر زمین کے نیچے تھا۔ ریکٹر پیمانے پر اس کی شدت 5.5 درج کی گئی۔ اس کے بعد آفٹر شاک کی شکل میں 3 مزید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 4 بج کر 1 منٹ پر لداخ میں محسوس کیے گئے زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.8 درج کی گئی۔ 4 بج کر 1 منٹ پر ہی جموں و کشمیر کے کشتواڑ میں زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔ اس کی شدت ریکٹر پیمانے پر 4.8 تھی۔ پھر 4.18 بجے کشتواڑ میں پھر سے زلزلہ کا جھٹکا محسوس ہوا جس کی شدت 3.6 بتائی جا رہی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آج صبح 11 بج کر 38 منٹ پر پاکستان میں بھی 4.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ زلزلہ کے لگاتار جھٹکوں سے وادی کے لوگ سہمے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
اس درمیان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا بیان سامنے آیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ زلزلہ کے دوران گھبرائیں نہیں، بلکہ پرسکون رہیں۔ کوشش یہ کریں کہ خود کو کسی ٹیبل کے نیچے چھپا لیں یا پھر اپنے سر کو ڈھک لیں۔ اس کے علاوہ جھٹکا ختم ہوتے ہی فوراً باہر نکلیں اور لفٹ کا استعمال کرنے سے بچیں۔ باہر آنے کے بعد کھمبوں، عمارتوں اور درختوں سے دور رہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔