اَن لاک-2 آج سے نافذ، گھریلو پرواز اور ٹرین خدمات میں ہوگی توسیع، تعلیمی اداروں میں لٹکا رہے گا تالا

31 جولائی تک کنٹنمنٹ زون میں لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔ جہاں کنٹنمنٹ زون نہیں ہیں، وہاں کی سرگرمیوں میں چھوٹ کا فیصلہ ریاستی حکومتیں کریں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لاک ڈاؤن کے بعد ہندوستان میں اَن لاک کا سلسلہ جاری ہے اور آج سے اَن لاک-2 نافذ العمل ہوگا۔ اس کے مطابق کنٹنمنٹ زون میں 31 جولائی تک لاک ڈاؤن لگا رہے گا، لیکن کنٹنمنٹ علاقوں سے باہر کے علاقوں میں پہلے کے مقابلے مزید سرگرمیاں شروع کی جائیں گی اور اس سلسلے میں رہنما اصول گزشتہ پیر کی شب جاری کر دیے گئے تھے۔ رہنما اصول کے مطابق کئی چیزوں پر پابندی ہنوز جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ شعبہ میں سرگرمیاں مزید بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ اَن لاک-2 کے دوران کیا کچھ نئی سرگرمیاں دیکھنے کو ملیں گی اور کن چیزوں پر پابندی لگی رہے گی۔

اَن لاک-2 کی اہم باتیں:

  • گھریلو پروازیں پہلے ہی محدود تعداد میں شروع کی جا چکی تھیں، لیکن اب ان کی توسیع کی جائے گی۔
  • نائٹ کرفیو میں نرمی دی گئی ہے اور اب رات 10 بجے سے صبح پانچ بجے تک ہی کرفیو رہے گا۔
  • رات کو صرف انڈسٹریل یونٹس اور ضروری سامان لے جانے والی گاڑیوں، ٹرینوں اور طیاروں کو ہی موومنٹ کی اجازت ہوگی۔
  • دکاندار اپنے یہاں دستیاب جگہ کے حساب سے ایک ساتھ پانچ سے زیادہ لوگوں کو آنے دے سکتے ہیں، حالانکہ سبھی کو مناسب جسمانی فاصلہ بنائے رکھنا ہوگا۔
  • مرکز اور ریاستی حکومتوں کے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ 15 جولائی سے کھل جائیں گے، اس سلسلے میں الگ سے گائیڈ لائنس جاری کیے جائیں گے۔
  • ریاستوں اور مرکز کے ماتحت علاقوں سے مشورہ کے بعد اسکولوں، کالجوں اور کوچنگ سنٹرس کو 31 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
  • بین الاقوامی ہوائی سفر 'وندے بھارت مشن' کے تحت محدود تعداد میں شروع ہوا تھا، اب اس کی تعداد میں منصوبہ بندی کے ساتھ مزید اضافہ کیا جائے گا۔

ان چیزوں پر جاری رہے گی پابندی:

  • میٹرو ریل، سنیما ہال، جِم، سوئمنگ پول، تفریحی پارک، تھیٹر، بار، آڈیٹوریم، اسمبلی ہال اور ایسے ہی دیگر مقامات پر روک رہے گی۔
  • سماجی، سیاسی، کھیل، تفریحی، اکیڈمک، ثقافتی، مذہبی پروگرام اور دیگر بڑے جلسوں پر بھی روک جاری ہے۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ 31 جولائی تک کنٹنمنٹ زون میں لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔ جہاں کنٹنمنٹ زون نہیں ہیں، وہاں کی سرگرمیوں میں چھوٹ کا فیصلہ ریاستی حکومتیں کریں گی۔ ریاستی حکومتیں اور مرکز کے ماتحت علاقوں میں حالات کو دیکھتے ہوئے کنٹنمنٹ زون سے باہر بھی کچھ سرگرمیوں پر روک لگ سکتی ہے اور پابندی عائد کی جا سکتی ہیں۔ حالانکہ ریاستوں کے اندر یا ایک ریاست سے دوسری ریاست میں لوگوں کی آمد و رفت یا چیزوں کو لے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ اس طرح کی سرگرمی کے لیے الگ سے اجازت یا ای-پرمٹ کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں آروگیہ سیتو ایپ کے استعمال کو فروغ دینا جاری رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔