اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا میں نہیں چل سکا وقفہ سوالات
ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر نے ایوان کو 17ویں لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دینے والے ارکان کے بارے میں مطلع کیا اور ان کے نام پڑھ کر سنائے
نئی دہلی: لوک سبھا میں ترنمول کانگریس، کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے وقفہ سوالات شروع ہوتے ہی نعرے بازی کے ساتھ زبردست ہنگامہ شروع کر دیا جس کی وجہ سے اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوالات شروع ہونے کے کچھ ہی منٹ کے اندر ایوان کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی کر دی۔
ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر نے ایوان کو 17ویں لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دینے والے ارکان کے بارے میں مطلع کیا اور ان کے نام پڑھ کر سنائے ۔
جیسے ہی مسٹر برلا نے وقفہ سوالات شروع کیا، کانگریس، ترنمول کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور ’انصاف دو، ناانصافی بند کرو‘ جیسے نعرے لگانے لگے۔ اسپیکر نے ارکان پر بار بار زور دیا کہ وہ ہنگامہ آرائی نہ کریں اور وقفہ سوالات جاری رہنے دیں اور کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد ارکان اپنے معاملات ایوان میں اٹھائیں ۔ اپنے خیالات کا اظہار کریں ان کی بات سنی جائے گی۔ جب مسٹر برلا کی درخواست کا ارکان پر کوئی اثر نہیں ہوا تو انہیں ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔
واضح رہے کہ پیسے لے کر ایوان میں سوال پوچھنے کے معاملے میں ترنمول کانگریس کی رکن مہوا موئترا سے متعلقہ معاملے میں پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ آج ایوان میں پیش کی جا سکتی ہے۔ رپورٹ کی بنیاد پر محترمہ موئترا کی لوک سبھا رکنیت ختم کرنے کی تجویز بھی لائی جا سکتی ہے، جس پر اپوزیشن ارکان ہنگامہ کر رہے ہیں۔ بی جے پی نے پہلے ہی اپنے اراکین کے لیے وہپ جاری کر دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔