اتراکھنڈ میں برس رہی آسمانی آفت، ہریدوار میں آیا سیلاب

اس سال پہلی مرتبہ دو گھنٹے کے اندر دو بار گنگا خطرے کے نشان کو پار کر چکی ہے، گنگا کی بڑھتی آبی سطح کے سبب ہریدوار سے آگے گنگا کنارے کے علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

اتراکھنڈ، تصویر آئی اے این ایس
اتراکھنڈ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ میں بارش کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ دیوبھومی میں آسمانی آفت خوب برس رہی ہے، جس سے ایک بار پھر کئی مقامات پر تباہی کا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اتراکھنڈ میں زوردار بارش سے ندی نالے پانی سے لبالب نظر آ رہے ہیں۔ پہاڑوں پر ہو رہی موسلادھار بارش کے سبب اب میدانی علاقوں میں بھی گنگا نے اپنی خطرناک شکل دکھانی شروع کر دی ہے۔

اس بار سیزن میں پہلی بار دو گھنٹے کے اندر دو بار گنگا خطرے کے نشان کو پار کر چکی ہے۔ گنگا کی بڑھتی آبی سطح کے سبب ہریدوار سے آگے گنگا کنارے کے علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ گنگا کے کنارے رہنے والے لوگوں سے گنگا کے کنارے نہ جانے کی اپیل کی جا رہی ہے۔


واضح رہے کہ جمعہ کی شب سے ہی ہریدوار میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے، جس کے سبب ہریدوار کے ان تمام علاقوں میں آبی جماؤ بڑھ گیا ہے جہاں پر قبل میں بھی پانی بھرتا آیا ہے۔ چاہے بھگت سنگھ چوک ہو یا پھر جوالہ پور کا کٹہرا بازار چوک، بازار چوہان محلہ یا پھر کنکھل کے بازار، جگہ جگہ آبی جماؤ کے سبب لوگوں کو زبردست دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری طرف پہاڑوں پر ہو رہی موسلادھار بارش کا اثر ہریدوار اور اس کے آگے کے میدانی علاقوں پر بھی پڑنا شروع ہو گیا ہے۔ اس بار کے برساتی سیزن میں پہلی بار گنگا نے 2 گھنٹے کے اندر خطرے کے نشان کو دو بار پار کیا ہے۔ ان حالات نے محکمہ آبپاشی کے ساتھ ضلع انتظامیہ کی فکر بھی بڑھا دی ہے۔ حالانکہ صبح 8 بجے گنگا کی آبی سطح 294.5 میٹر درج کی گئی جو 9 بجے گھٹ کر 293.95 میٹر پر آ گئی۔


گنگا کی لگاتار بڑھتی اور گھٹتی آبی سطح کو دیکھتے ہوئے اتراکھنڈ آبپاشی محکمہ ضلع انتظامیہ کو اس کی اطلاع لگاتار دے رہا ہے۔ جس کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ ہریدوار ونئے شنکر پانڈے نے گنگا بیلٹ میں واقع تمام سیلاب چوکیوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ ساتھ ہی سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی کو بھی گنگا کے کنارے جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ ایسا اس لیے کیونکہ گنگا کبھی بھی میدانی علاقوں میں خطرناک شکل اختیار کر تباہی مچا سکتی ہے۔

ایس ڈی او کینال ایس کے کوشک نے بتایا کہ ہریدوار میں گنگا ندی کی آبی سطح میں کچھ کمی آئی ہے، لیکن اب بھی گنگا خطرے کے نشان سے کافی اوپر بہہ رہی ہے، جو کبھی بھی میدانی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ ہماری پوری نظر گنگا کی آبی سطح پر بنی ہوئی ہے۔ ہماری سبھی ٹیم بھیم گوڑا بیراج پر لگاتار مستعد ہیں۔ لمحہ لمحہ کی جانکاری انتظامیہ و پولیس کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی حالت سے نمٹنے کے لیے تیار رہا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔