گجرات: نوساری میں سمندر کے ساحل پر 30 کروڑ روپے کی چرس برآمد، ایک ہفتے میں چوتھا واقعہ

گجرات پولیس نے 15 اگست کو نوساری ساحل پر چرس برآمد کی ۔ گجرات میں ایک ہفتے میں یہ چوتھا واقعہ  ہے۔ اس سے قبل ساحلوں سے بھاری مقدار میں چرس پکڑی گئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

گجرات پولیس نے کل یعنی15 اگست کو نوساری ضلع کے اونجل گاؤں کے قریب سمندر کے ساحل  پر 30 کروڑ روپے کی مالیت کی 60 کلو گرام چرس برآمد کی ہے۔یہ اطلاع  ایک افسر نے دی۔ ایک ہفتے میں یہ چوتھا واقعہ ہے جب جنوبی گجرات کے علاقے میں ساحلی پٹی سے بڑی مقدار میں منشیات لاوارث حالت میں برآمد کی گئی۔

نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سشیل اگروال نے کہا کہ اس ہفتے کے شروع میں سورت اور ولساڈ اضلاع کے ساحلی علاقوں سے چرس کے پیکٹ پکڑے جانے کے بعد، مقامی پولیس نے نوساری ساحل کی تحقیقات کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔


ایس پی نے کہا، ’’سرچ آپریشن کے دوران، ہم نے چرس کے 50 پیکٹ برآمد کیے، جو اونجل گاؤں کے قریب ساحل سمندر پر پانچ مختلف مقامات پر چھوڑے ہوئے تھے۔ ہر پیکٹ میں 1200 گرام چرس تھی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں 1000 گرام چرس کی قیمت 50 لاکھ روپے ہے۔ مجموعی طور پر، ہم نے 30 کروڑ روپے مالیت کی 60 کلو گرام چرس ضبط کی ہے۔‘‘

اس سے قبل 12 اگست کو ولساڈ ضلع کے اُدواڈا گاؤں کے قریب ساحل پر چرس کے دس لاوارث پیکٹ برآمد ہوئے تھے۔ ایک دن بعد، پولیس نے سورت شہر کے مضافات میں ہزیرہ گاؤں کے قریب ساحل سمندر پر پڑی 1.5 کروڑ روپے کی چرس کے تین پیکٹ برآمد کیے۔ اسی دن پولیس نے 10 کروڑ روپے مالیت کی چرس کے 21 پیکٹ ولساڈ ضلع کے دانتی بیچ سے برآمد کیے۔


سورت پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس او جی) کی ٹیم نے جمعرات کو 1.87 کروڑ روپے کی افغانی چرس برآمد کی ہے۔ سورت ایس او جی نے ماہی گیروں کی اطلاع پر یہ کارروائی کی ہے۔ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے افغانی چرس کے تین پیکٹ برآمد کر لیے جن کا وزن 3 کلو 754 گرام تھا۔ برآمد شدہ چرس کی مالیت ایک کروڑ 87 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔